Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان میں فوجی بغاوت، عرب ممالک کی امن قائم کرنے کی اپیل

بحرین نے کہا کہ وہ ’تشویش کے ساتھ سوڈان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد عرب ممالک نے اپیل کی ہے کہ ملک میں امن قائم کیا جائے۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو سوڈان کی خودمختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے فوجی بغاوت کے بعد خودمختار کونسل اور عبوری حکومت کے خاتمے کا اعلان کر دیا اور ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
ایک ٹیلی ویژن خطاب میں جنرل عبدالفتاح البرہان نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے جاری کشمکش ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور فوج کو اس کی حفاظت کے لیے قدم بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اردن کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں سوڈان میں فریقین سے امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح نہیں ہونی چاہیے۔‘
عمان نے سوڈان میں بسنے والے اردن کے شہریوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا۔
بحرین نے کہا کہ وہ ’تشویش کے ساتھ سوڈان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔‘
بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی بی این اے نے کہا کہ ’مناما نے سوڈان کی سیاسی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اس صورتحال کو مذاکرات کے ذریعے حل کر لیں گی۔‘
لیکن اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ سوڈان میں سکیورٹی، استحکام اور امن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
متحدہ عرب امارات نے کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان میں ’جلد از جلد اس طرح کے استحکام کی ضرورت ہے جو سوڈان کے لوگوں کے مفادات میں ہو۔‘

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’فریقین حالات کو معمول پرلانے کی کوشش کریں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل سعودی عرب نے سوڈان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’فریقین حالات کو معمول پرلانے کی کوشش کریں۔ ملک کے سیاسی اور اقتصادی فوائد اور ان تمام مقاصد کا تحفظ کریں جن کا ہدف ملک کی تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہے۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سوڈان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے نظام میں خلل کی وجہ سے انٹرنیٹ اور فون سروسز محدود ہو گئی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

شیئر: