یمن کے وزیراعظم مستعفی، وزیر خارجہ ملک کے وزیراعظم مقرر
وزیراعظم سالم صالح بن بریک نے صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین راشد العلیمی سے ملاقات کی (فوٹو: سپلائیڈ)
یمن کے وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے بعد ان کی جگہ ملک کے وزیرِ خارجہ کو نیا وزیرِ اعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزیراعظم سالم صالح بن بریک نے صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین راشد العلیمی سے ملاقات کی اور نئی حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کرنے کے لیے حکومت کا استعفیٰ پیش کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے صبا کی جانب سے یہ بیان جمعرات کی شب جاری کیا گیا ہے۔
سعودی حمایت یافتہ صدارتی کونسل نے سرکاری میڈیا کے ذریعے اعلان کیا کہ وزیر خارجہ ڈاکٹر شائع محسن زندانی کو وزیراعظم مقرر کر دیا گیا ہے اور انہیں نئی حکومت بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
بیان میں وزیراعظم کے استعفے کی وجوہات میں ریاستی اداروں کی بحالی کی کوششیں، خود مختار فیصلوں میں یکجہتی کو مضبوط بنانا اور بغاوت کو شکست دینا شامل ہیں۔
صدارتی کونسل نے مزید کہا کہ نئی حکومت کے قیام تک موجودہ حکومت روزمرہ کے امور سنبھالتی رہے گی، تاہم اس دوران کسی قسم کی تقرریاں یا برطرفیاں نہیں کی جائیں گی۔
