Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیجیٹل کرنسی جلد بینکنگ سسٹم کا حصہ ہوگی: ساما

عرب دنیا میں ڈیجیٹل کرنسی کا سسٹم آ چکا ہے- (فوٹو: سبق)
سعودی سینٹرل بینک ساما کے گورنر نے کہا ہے کہ مملکت نے دو برس قبل ڈیجیٹل کرنسی کے تصور پر کام شروع کردیا تھا۔ ڈیجیٹل کرنسی جلد بینکنگ سسٹم کا حصہ ہوگی۔ 
اخبار 24 کے مطابق سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے گورنر فہد المبارک نے مملکت اور خلیج عرب کے ملکوں میں ڈیجیٹل کرنسی کے مستقبل سے متعلق وضاحتی بیان دیا ہے۔
انہوں نے مملکت میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ مملکت نے دو برس قبل مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے معاملات شروع کردیے تھے۔ اس طرح کی کئی کمپنیوں نے انشورنس اور مالیاتی ادائیگی ڈیجیٹل سسٹم کے تحت شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت نے سینٹرل بینکوں کی جاری کردہ ڈیجیٹل کرنسیوں کا لین دین شروع کر رکھا ہے اورعرب دنیا میں ڈیجیٹل کرنسی کا سسٹم آ چکا ہے۔ 
ساما کے گورنر کا کہنا تھا کہ مملکت کم خرچ والے ڈیجیٹل سینٹرل بینک کے حوالے سے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کرنسی قوانین کے حوالے سے متعدد طور طریقے اپنانا ہوں گے تاکہ ڈیجیٹل کرنسی کا لین دین محفوظ ہو، کاروبار کرنے والوں کے مفادات محفوظ ہوں۔ 
 ایس پی اے کے مطابق سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے گورنر ڈاکٹر فہد المبارک نے ادائیگی قانون کی منظوری ملنے پر اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منظوری کی بدولت ساما کے حکام مملکت میں ادائیگی کے ادارے کی نگرانی بھرپور طریقے سے کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام کا مقصد مملکت میں ادائیگی قوانین و ضوابط کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور معتبر بنانا ہے- ادائیگی نظام میں شامل فریقوں کے حقوق کو تحفظ حاصل ہوگا۔ 
یاد رہے کہ سینٹرل بینک ادائیگی قوانین کی نگرانی پر مامور ہے۔ سعودی سینٹرل بینک تمام زمروں میں شامل فریقوں کو مالیاتی لین دین میں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنے اختیارات اور فرائض استعمال کر رہا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: