Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈکپ: انگلینڈ نے سری لنکا کو 26 رنز سے شکست دے دی

انگلینڈ کی ٹیم اپنے پہلے تینوں میچز جیت چکی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹی 20 ورلڈکپ کے گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 26 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
انگلینڈ نے جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا مگر سری لنکن ٹیم انسیویں اوور میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 
سری لنکا کی جانب سے ہراسانگا ڈی سلوا نے 21 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
راجہ پاکسا اور شاناکا نے 26، 26 رنز بنائے جبکہ اسالانکا نے 21 رنز سکور کیے۔
انگلینڈ کے عادل رشید نے چار اوورز میں 19 رنز دے کر دو جبکہ کرس جورڈن نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے جوس بٹلر نے ٹی 20 ورلڈکپ کی پہلی سینچری سکور کی اور 101 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
بٹلر نے 67 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
ایک موقع پر انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 10 اوورز میں 47 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد بٹلر کی برق رفتار بلے بازی نے 15 اوورز میں سکور 100 تک پہنچا دیا۔ کپتان آئن مورگن نے آخر میں تین چھکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 40 رنز سکور کیے۔
سری لنکا کے ہاسا رنگا ڈی سلوا نے چار اوورز میں 21 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ دشمانتھا چمیرا نے چار اوورز میں 43 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی ٹیم اپنے چاروں میچ جیت گئی ہے جبکہ سری لنکن ٹیم اپنے چار میچوں میں سے تین میں شکست کھا گئی ہے جبکہ ایک میچ جیتا ہے۔
گروپ ون میں انگلینڈ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا کے دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
دوسری جانب گروپ ٹو میں پاکستان اپنے تینوں میچز جیت کے چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ افغانستان تین میں سے دو میچ جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
نیوزی لینڈ دو میں سے ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
انڈیا کو دونوں میچز میں شکست ہوئی ہے اور وہ پانچویں نمبر پر ہے۔

شیئر: