Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوہلی محمد شامی کی حمایت میں سامنے آگئے، ’مذہب کی بنیاد پر ٹارگٹ کرنا افسوسناک ہے‘

بعد محمد شامی کو اسلامو فوبیا پر مبنی پیغامات بھیجے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے بعد انڈین بولر محمد شامی کو ان کے مذہب کی بنیاد پر ٹارگٹ کرنے والے سوشل میڈیا صارفین پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے انہیں ’کمزور لوگ‘ قرار دے دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے وراٹ کوہلی نے کہا کہ ’ہم میدان میں کسی مقصد کے لیے کھیلتے ہیں۔ ہم سوشل میڈیا پر موجود ان کمزور لوگوں کی طرح نہیں جن کے اندر کسی کے سامنے آ کر بات کرنے کی ہمت نہیں۔‘
پاکستان سے ہارنے کے بعد جب محمد شامی کے خلاف نفرت انگیز مہم چلی تو انڈین ٹیم اور انڈین کرکٹ بورڈ نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔ تاہم انڈیا کے سابق کھلاڑیوں نے محمد شامی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیا۔
سوشل میڈیا پر میچ ہارنے کے بعد محمد شامی کو اسلامو فوبیا پر مبنی پیغامات بھیجے گئے۔
کوہلی نے کہا کہ ’کسی پر مذہب کی بنیاد پر حملہ کرنا سب سے افسوسناک بات ہے۔ نہ تو میں اور نہ ہی شامی اس طرح کے لوگوں کے لیے اپنی زندگی کا ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرنا چاہیں گے۔‘
ان کہنا تھا کہ کسی کو آن لائن نشانہ بنانا ایک مشغلہ بن چکا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس کے اثرات ڈریسنگ روم کے ماحول پر نہیں پڑیں گے۔
’ہم اس کے (محمد شامی) ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس کی دو سو فیصد حمایت کرتے ہیں۔ ٹیم کے اندر ہمارے بھائی چارے اور دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔‘
اتوار کو انڈیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا۔ پاکستان نے ان دونوں ٹیموں کو شکست دی ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے انڈیا کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے میچ جیتنے کے لیے 152 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ناٹ آوٹ رہے تھے۔

شیئر: