Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا جلد اہم بین الاقوامی سیاحتی فرنٹ بنے گا: فرانسیسی سفیر

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ العلا رائل کمیشن اور فرانس العلا میں مل کر کام کررہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب میں فرانس کے سفیر نے کہا ہے کہ ’العلا جلد اہم بین الاقوامی سیاحتی فرنٹ بن جائے گا۔ یہ ہزاروں برس پرانے مختلف قسم کے آثار قدیمہ، تاریخ اور پرکشش قدرتی عناصر سے مالا مال ہے۔ یہ سب کے لیے پرکشش مرکز ہوگا۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فرانسیسی سفیر نے کہا کہ ’اس سال تیسری بار العلا کا دورہ کیا ہے۔ یہاں سعودی وژن 2030 کے تحت تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے۔‘
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ ’العلا رائل کمیشن اور فرانس العلا میں مل کر کام کر رہے ہیں۔ قدیم تاریخ کے اس پرکشش مقام کی دریافت کے لیے مشترکہ پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ مختلف شعبوں میں العلا کمشنری کو فروغ دیا جائے گا۔
’العلا رائل کمیشن اور فرانسیسی کمپنیاں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے موقع پرمعاہدے کر چکی ہیں۔ ان کے تحت یہاں پانی، بجلی اور توانائی کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار ہوگا۔ العلا کو سمارٹ زون بنائیں گے۔ اس حوالے سے بھی معاہدہ طے پا چکا ہے۔‘ 
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ ’کاشتکاری اور ماحولیات کے شعبے میں بھی تعاون کریں گے۔ یہاں ماحول دوست کاشتکاری ہوگی۔ اس بات کو مدنظر رکھا جائے گا کہ آثار قدیمہ متاثر نہ ہوں۔ یہاں مورنگا، لیموں، سنتروں اور کھجور کے باغات لگائے جائیں گے۔‘
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ ’یہاں سعودی اور فرانسیسی جو کچھ کر رہے ہیں وہ العلا ہی نہیں بلکہ پورے خطے اور دنیا بھر کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔ یہ مملکت اور فرانس کے درمیان بین الاقوامی سٹریٹیجک شراکت ہے۔ اس شراکت کی جڑیں مستحکم کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے۔‘

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: