وزارت خارجہ کو ملازمت کے مصدقہ معاہدہ ہولڈرز کے ویزے جاری کرنے کی ہدایت
کابینہ کا ورچوئل اجلاس منگل کو شاہ سلمان کی زیر صدارت ہوا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے پرائیویٹ لیبارٹریوں کے قانون میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔
وزارت خارجہ کو ملازمت کے مصدقہ معاہدہ ہولڈرز کے ویزے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کابینہ کا ورچوئل اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کے ارکان نے اقتدار نشینی کی ساتویں سالگرہ پر شاہ سلمان کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے سعودی وژن 2030 کے پروگراموں اور سکیموں کے مطابق ہمہ جہتی ترقی پر خراج تحسین پیش کیا۔
سعودی کابینہ میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مملکت اور برادر و دوست ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور میٹنگز کے نتائج کا جائزہ لیا گیا-
رپورٹ میں اس امر پر اطمینان ظاہر کیا گیا کہ ’برادر و دوست ملکوں کے ساتھ دوستی اور تعاون کے رشتے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔‘
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ ’کابینہ نے علاقائی و بین الاقوامی حالات کا جائزہ لیا۔‘
کابینہ نے عراقی وزیراعظم پر دہشتگرد حملے کی سعودی عرب کی طرف سے پھر مذمت کی اور اطمینان دلایا کہ ’سعودی حکومت اور عوام ملک کے حالات کی بحالی، امن و استحکام اور خوشحالی و ترقی کے فروغ کے مشن میں عراق کے ساتھ ہیں۔‘
کابینہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ’مملکت کے 70 فیصد باشندوں کو جن میں سعودی اور غیرملکی سب شامل ہیں، قومی مہم کے تحت کورونا ویکسین مفت فراہم کی گئی اور سعودی عرب کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔‘
اجلاس میں کھیلوں کے شعبے میں کویت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت، اسلامی امور اور دعوت کے شعبے میں ملائیشیا کے ساتھ مفاہمتی یاداشت کی منظوری دی گئی۔
وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو زراعت کے شعبے میں ارجنٹینا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت جبکہ العلا رائل کمیشن کے گورنر کو تربیت، سائنس اور ثقافت کے شعبے میں العلا رائل کمیشن اور یونیسکو کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا گیا ہے۔
کابینہ نے ہیوی ٹرکوں کی میعاد 10 برس سے گھٹا کر پانچ برس کردی۔ شاہراہوں پر آئندہ پانچ برس پرانے ہیوی ٹرک نقل و حمل کا کام انجام دے سکیں گے۔ ماڈل کی تاریخ کا اعتبار جنوری کے شروع سے ہوگا۔ فیصلے پر عمل درآمد چھ ماہ بعد ہوگا۔
کابینہ نے 14 ویں اور 15 ویں گریڈ کے عہدیداروں کی ترقی کے احکام بھی جاری کیےہیں۔