Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کے نام پر کاروبار، مملکت میں ایک ماہ کے دوران 73 کیسز ریکارڈ

انسداد تجارتی پردہ پوشی کی ٹیموں نے 1519 تفتیشی دورے کیے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں انسداد تجارتی پردہ پوشی کے قومی پروگرام کے تحت گزشتہ ماہ اگست میں مملکت کے مختلف شہروں میں 73 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
اخبار 24 کے مطابق تجارتی پردہ پوشی ’تستر تجاری‘ کے رجحان کو ختم کرنے کےلیے باقاعدہ پروگرام پرعمل کیا جاتا ہے جس کا مقصد ایسے مقامی اور غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے جو غیرقانونی طور پر سعودی شہریوں کے ناموں کا استعمال کرتے ہوئے ذاتی کاروبار کرتے ہیں۔
انسداد تجارتی پردہ پوشی کی ٹیموں نے گزشتہ ماہ مملکت کے شہروں میں 1519 تفتیشی دورے کیے جن میں 73 مشکوک کیسز سامنے آنے پر ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کےلیے متعلقہ اداروں کے حوالے کیے گئے۔
تفتیشی ٹیموں نے جن شعبوں میں تجارتی پردہ پوشی کے کیسز ریکارڈ کیے ان میں اشیائے خورونوش کی مارکیٹیں ، کپڑے ، جوتے اور دیگر تجارتی شعبے شامل تھے۔
واضح رہے قانون کے مطابق تجارتی پردہ پوشی کے مرتکب کو 5 برس قید اور 50 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے علاوہ ازیں غیرقانونی سرمایہ بھی ضبط کیا جاسکتا ہے۔

 

شیئر: