Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر کی صورت حال پر تفصیلی رپورٹ مرتب کریں گے: نمائندہ خصوصی او آئی سی

یوسف الدوبے نے کہا ’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہمیں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت ملے۔‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے نے کہا کہ ان کا یہ پانچ روزہ دورہ کافی مفید رہا اور وہ کشمیر کی صورت حال سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کریں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوسف الدوبے نے کہا کہ ’ہمارا اس دورے پر آنے کا مقصد یہ تھا کہ ہم حالات کو دیکھ سکیں اور کشمیر کے لوگوں کے مسائل کو سمجھ سکیں۔‘
’کشمیر کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے۔ ہم نے انڈیا سے رابطہ کیا اور جدہ میں انڈیا کے سفیر کو ایک خط دے کر انڈین زیر انتظام کشمیر کے دورے کی خواہش کے بارے میں بتایا۔‘
’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہمیں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت ملے اور ہم خود وہاں جا کر حالات دیکھ سکیں۔‘
انہوں نے کہا ’ہم پر امید ہیں کہ آئندہ وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں اس معاملے پیش رفت ہو گی۔‘
پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’میں نے او آئی سی کے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا اور ان کی خدمت میں کچھ تجاویز بھی پیش کی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی سالانہ وزرائے خارجہ کانفرنس مارچ 2022 میں پاکستان میں منعقد ہو گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’جس آسانی سے او آئی سی کے نمائندہ خصوصی آزاد کشمیر جا سکتے ہیں، کاش اسی سہولت کے ساتھ وہ سری نگر بھی جا سکیں اور حالات دیکھ کر تقابلی جائزہ لے سکیں۔‘
’انڈیا مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انڈیا کے پانچ اگست کے اقدامات سے کشمیری مزید متنفر ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ستمبر 2021 میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ڈوزیئر جاری کیا۔ ڈوزیئر میں آڈیو اور ویڈیو کلپس کی صورت میں ثبوت بھی دیے۔‘
’او آئی سی جتنا ٹھوس موقف اختیار کرے اتنی کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔‘

شیئر: