Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا سے پدما شری ایوارڈ واپس لے کر بغاوت کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ

بالی وڈ کی 34 سالہ اداکارہ اپنے بیانات کے باعث تنازعات کا شکار رہتی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں بعض سیاسی جماعتوں نے اداکارہ کنگنا رناوت سے پدما شری ایوارڈ واپس لے کر اُن پر بغاوت کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ مطالبہ اداکارہ کی جانب سے سنہ 1947 کی آزادی کو ’بھیک‘ کہہ کر انڈیا کی اصل آزادی کی تاریخ سنہ 2014 کو قرار دینے پر کیا جا رہا ہے۔
کانگرس کے رہنما آنند شرما نے ایک ٹویٹ میں صدر رام ناتھ کووند کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مس رناوت کو دیا گیا پدما ایوارڈ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ایسے ایوارڈ دینے سے قبل نامزد افراد کے ذہنی اور نفسیاتی تجزیے کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسی شخصیات قوم اور اس کے ہیروز کی توہین نہ کر سکیں۔‘
کنگنا رناوت کے بیان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کانگرس کی رہنما نے اداکارہ پر الزام لگایا کہ انہوں نے مہاتما گاندھی، جواہر لعل نہرو اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی توہین کے ساتھ بھگت سنگھ اور چندراشیکھر آزاد جیسے فریڈم فائٹرز کی قربانیوں کی بھی نفی کی ہے۔
کانگرس نے کنگنا کے بیان کو ’غداری‘ قرار دیا ہے۔
ریاست مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے ایک متنازع قرار دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اداکارہ نے گفتگو نشہ کرنے کے بعد کی ہوگی۔
ریاستی وزیر کا کہنا تھا کہ ’لگتا ہے کہ کنگنا رناوت نے یہ بیان دینے سے قبل مالانا کریم (حشیش) کی زیادہ مقدار لی ہوگی۔‘
نیشنلسٹ کانگرس پارٹی کے لیڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم کنگنا رناوت کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے آزادی کی جنگ لڑنے والوں کی توہین کی۔ مرکزی حکومت کو کنگنا رناوت سے پدما شری ایوارڈ واپس لے کر ان کو گرفتار کرنا چاہیے۔‘
انڈین ٹی وی چینل ٹائمز ناؤ کی منعقد کردہ ایک تقریب میں سنہ 1947 کی آزادی کے بارے میں کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ ’وہ آزادی نہیں بلکہ بھیک تھی۔ اصل آزادی سنہ 2014 میں ملی۔‘

اروند کیجریوال نے ممبئی پولیس کو کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے کہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ 34 سالہ اداکارہ اپنے بیانات کے باعث تنازعات کا شکار رہتی ہیں۔
بی جے پی کے رکن لوک سبھا ورون گاندھی نے بھی کنگنا کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’کیا میں اس سوچ کو پاگل پن کہوں یا پھر غداری‘۔
عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے ممبئی پولیس کو کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے کہا ہے جبکہ پارٹی کی ایک اور رہنما پریتی شرما میمن کے مطابق جو کچھ کنگنا نے کہا وہ ’بغاوت اور آگ بھڑکانے والا ہے۔‘
شیوسینا کی لیڈر نیلم گورہی نے کہا ہے کہ اداکارہ کو بغاوت کے مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے۔

شیئر: