Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن میں دنیا کے پانچ مشہور فنکاروں کے کرتب

یہاں رہنے والے اس کےعادی نہیں ہیں لیکن ہمارے لیے یہ معمولی چیز ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
ریاض سیزن میں ایک خاص شو کے دوران دنیا بھر سے آئے پانچ پیشہ ور شعبدہ باز سٹیج پر سنسنی خیز مظاہرے دکھا رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق عوام کو دکھائے جانے والے ان مختلف مظاہروں میں  ہاتھ کی صفائی، مختلف  شعبدہ بازی اور انتہائی خطرناک قسم کے کرتب بھی شامل  ہیں۔
یہاں پر موجود  فنکار جوزفین لی چیمپینز آف میجک کے طور پر ایک فیملی شو میں ہر ایک کے لیے کچھ نہ کچھ انوکھا پیش کر رہے ہیں۔
جوزفین لی نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ یہاں پر ہمارے پاس آنے والوں کے لیے بہت کچھ ہے۔ آپ کو ہنسانے اور حیران کر دینے کے لیے ناقابل یقین  کمالات  ہیں جو حیرت سے بھرے ہوئے ہیں۔
جوزفین لی کے ساتھ ڈارکی اویک، ہیری ڈی کروز، پیٹرک کن اور ینگ من کم  جیسے فنکار چیمپئنز آف میجک  کے ساتھیوں میں شریک  ہیں اور ریاض سیزن کے دوران اپنی پرفارمنس دکھا رہے ہیں۔
ان کے ساتھ  موجود ایک فنکار اویک نے بتایا ہے کہ ہم پانچوں میں سے ہر ایک  کسی نہ کسی خاص میجک کے شعبے میں مہارت رکھتا ہے۔ ہم اپنے تیار کردہ  بہترین کرتب اور شعبدہ بازیاں  پہلی بار سعودی عرب  لائے ہیں۔
ریاض سیزن میں شو کے دوران ان کی سٹیج پر  بھرپور اور حیران کن پرفارمنس کے بعد حاضرین نے انہیں خوب داد دی اور لطف اندوز ہوئے۔
ان کے شو میں زیادہ تر جادوئی انداز میں اپنی مہارت دکھانے کے لیے باصلاحیت افراد کا گروپ شامل ہےجو اپنی صلاحیتوں کو انتہائی موثر طریقے سے پیش کر رہا ہے۔
یہ پانچوں فنکاروں کا ایک حیرت انگیز گروپ ہے جو ایک ساتھ کام کر رہا ہے اور نایاب بھی ہے کیونکہ عام طور پر ایسے کرتب دکھانے کے لیے فنکار تنہا ہی کام کرتا نظر آتا ہے۔

 ریاض سیزن میں شعبدہ بازی کا یہ شو روزانہ دو بار پیش کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

سٹیج پر موجود اس گروپ میں شامل ینگ من  کم اپنی خاص ٹیکینک کے حوالے سے ہاتھ کی صفائی، آنکھوں کے سامنے سے اوجھل کر دینی والی پرفارمنس اور شعبدہ بازی کی کئی  اقسام میں مہارت رکھتے ہیں۔
اویک نے بتایا کہ ہمارا ساتھی پیٹرک کارڈز کے ساتھ ایسے جادوئی کرتب  کرتا ہے کہ آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔ اس کے علاوہ   جوزفین اور میں بھی کچھ خاص دکھا رہے ہیں اور ہمارے دوست ہیری  کی یہاں پر آنے والوں کے لیے ایک نرالی شرکت ہےجس میں تفریح اور خطرے کا ملاجلا عنصر پایا جاتا ہے۔
ہیری ڈی کروز اپنے شو میں موجود حاضرین کو بھی ساتھ شامل کرتا ہے،  ان کا تعارف حاصل کرنے کے بعد منفرد قسم کی چالیں اس کا خاص فن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں کسی بھی جادوئی شو میں اس کی خاص بات یہ ہے کہ حاضرین کو حیرت زدہ کر دیتا ہے۔

یہ فنکار آنکھوں سے اوجھل کرنے والی پرفارمنس میں مہارت رکھتے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

چیمپیئنز آف میجک جیسا  خاص شو  یہاں پر ہم سب کو ایک خاص پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔
شو میں ایک فنکارپیٹرک کن  تاش کے  پتوں  سے کرتب دکھانے  کا ماہر ہے وہ موجود حاضرین کو سٹیج پر مدعو  بھی کرتا ہے اور ہال میں موجودلوگوں کو  منفرد انداز میں اپنے کرتب دکھاتا ہے۔
پیٹرک کن نے کہا کہ ہمارا یہ کام کسی مخصوص زبان کا محتاج نہیں اور نہ ہمیں زیادہ بولنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے یہاں آنے والے ہمارے کرتب سے ہی  لطف اندوز ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں بہت اچھا وقت گزار رہے ہیں او ر آنے والوں کو خوش کر رہے ہیں۔

پیٹرک ایسے جادوئی کرتب  کرتا ہے کہ پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

شو کے اختتام پر  فنکاروں نے بتایا کہ یہ ان کا مملکت کا پہلا دورہ ہے اور یہاں آنے والے بہت سے افراد کے لیے ان  کے  لائیو شو کا پہلا تجربہ ہے۔
آخر میں انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں یہ سب کچھ نسبتاً نیا ہے اور حاضرین حیرت زدہ ہو رہے ہیں۔
یہاں رہنے والے اس کےعادی نہیں ہیں لیکن ہمارے لیے یہ معمولی چیز ہے جو کہ ہم اپنی پوری زندگی کرتے رہے ہیں۔
 ہم نئے آنے والوں کو اپنے ہاتھ کی صفائی یا دلچسپ اور خطرناک کرتب دکھاتے ہیں تو حاضرین  کا ردعمل بہت منفرد ہوتا  ہے۔
 ریاض سیزن میں یہ خاص قسم کی شعبدہ بازی کا  شو روزانہ دو بار پیش کیا جا رہا ہے۔
 

شیئر: