Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان کی لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندی شاید عارضی نہ ہو: ملالہ

ملالہ یوسفزئی کو 15 برس کی عمر میں سکول جاتے ہوئے طالبان نے گولی ماری تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان نے لڑکیوں کی تعلیم کے راستے میں جو رکاؤٹیں حائل کی ہیں وہ ان کے دعوے کے مطابق عارضی نہیں ہوں گی۔
اتوار کو برطانوی نیوز چینل بی بی سی کے اینڈریو مار شو میں بات کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ’مجھے ڈر ہے کہ یہ پابندی جس کا انہوں نے ابھی اعلان کیا ہے، جسے وہ عارضی کہہ رہے ہیں وہ اصل میں شاید عارضی نہ ہو۔‘
انہوں نے اس بارے میں ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’1996 میں اسی طرح کی ایک پابندی پانچ سال تک قائم رہی تھی۔‘
رواں برس اگست میں افغانستان کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے ستمبر میں لڑکیوں کو سیکنڈری تعلیم حاصل کرنے سے روک دیا تھا جبکہ لڑکوں کے سکول واپس جانے کے احکامات جاری کردیے تھے۔
تاہم طالبان نے کہا ہے کہ سکیورٹی کو یقینی بنانے اور اسلامی قوانین کے تحت نظام تعلیم کو صنفی طور پر علیحدہ کرنے کے بعد لڑکیوں کو تعلیمی اداروں میں واپس جانے کی اجازات دے دی جائے گی۔
لیکن کئی لوگوں کو طالبان کے اس دعوے پر شک ہے۔
ملالہ کا کہنا تھا کہ ’ہم طالبان پر زور دے رہے ہیں کہ لڑکیوں کو فوری طور پر مکمل تعلیم تک رسائی دیں، ہم جی 20 رہنماوں اور دیگر عالمی سربراہان پر زور دے رہے ہیں کہ وہ افغانستان میں لڑکیوں کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائیں۔‘
24 سالہ انسانی حقوق کی کارکن نے گذشتہ مہینے ایک خط میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کا فیصلہ واپس لینے پر زور دیا تھا۔

انسانی حقوق کی کارکن نے گذشتہ مہینے ایک خط میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کا فیصلہ واپس لینے پر زور دیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی 15 سال کی تھیں جب تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگردوں نے انہیں وادی سوات میں ان کے آبائی علاقے میں سکول کے راستے میں سر پر گولی مار دی تھی۔
پاکستان اور بیرون ملک میں مہینوں تک ان کا علاج جاری رہا۔ جس کے بعد انہوں نے برطانوی مصنف کرسٹینا لیمب کے ساتھ مل کر ’آئی ایم ملالہ‘ نامی کتاب لکھی۔
انہیں 2014 میں 17 برس کی عمر میں نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔ ان کے ساتھ انڈیا میں بچوں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن کیلاش ستیارتھی کو بھی نوبل انعام دیا گیا تھا۔
ملالہ یوسفزئی گذشتہ سال یونیورسٹی آف آکسفورڈ سے فلسفے، سیاست اور معیشت میں تعلیم حاصل کر کے فارغ التحصیل ہوئیں۔

شیئر: