Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کا مسئلہ کیا ہے؟‘ تسلیمہ نسرین کو ملالہ پر تنقید مہنگی پڑگئی

تسلیمہ نسرین کی ٹویٹ کو لوگ ملالہ کی زندگی میں دخل دینا قرار دے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
منگل کی شپ جب نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے عصر خان کے ساتھ اپنے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں تو دنیا بھر کے لوگوں نے انہیں نیک تمنائیں اور مبارکباد کے پیغامات دیے۔
لیکن سوشل میڈیا پر کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے ملالہ کو ان کے پاکستانی مرد سے نکاح کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہی لوگوں میں ایک نام بنگلہ دیشی نژاد مصنفہ تسلیمہ نسرین کا بھی ہے۔
ملالہ کی ایک پاکستانی مرد سے شادی کی خبر پر انہوں نے ’شاک‘ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ابھی صرف 24 سال کی ہیں۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں سمجھی تھی کہ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی پڑھنے گئی ہیں، وہ آکسفورڈ کے کسی خوبصورت  روشن خیال انگریز آدمی سے محبت کریں گی اور پھر شادی کا سوچیں گی لیکن 30 سال سے کم عمر میں نہیں۔‘
ملالہ کے انتخاب پر تسلیمہ نسرین کا اعتراض سوشل میڈیا صارفین کو ایک آنکھ نہیں بھایا اور اس لیے ان کو ٹوئٹر پر کڑی تنقید کا بھی سامنا ہے۔
عاصمہ اعظم نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’ملالہ اور ان کا خاندان خوش ہے، آپ کا مسئلہ کیا ہے؟‘
عمار راشد نامی صارف نے تسلیمہ نسرین کو مشورہ دیا کہ وہ ملالہ اور ان کے ہمسفر کو سکون سے زندگی گزارنے دیں۔
’ان کو اور ان کو پارٹنر کو اپنی چوائسز جینے دیں ۔‘

مہرین نامی صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملالہ کو شادی کرنے سے پہلے تسلیمہ نسرین سے پوچھ لینا چاہیے تھا۔‘

انکت لال نے تسلیمہ کو کہا کہ وہ اپنی رائے کو دوسروں پر مسلط کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے مزید لکھا ’یہ ان کی (ملالہ کی) زندگی ہے اور ان کی مرضی ہے۔‘
سارہ حیدر نے تسلیمہ سے سوال کیا کہ ’ایک پاکستانی مرد روشن خیال کیوں نہیں ہوسکتا؟ مجھے اس ٹویٹ پر شاک لگا ہے؟‘

یہ پہلی بار نہیں کہ تسلیمہ نسرین اپنی متنازع خیالات پر تنقید کی زد میں آئی ہو۔ اس سے قبل انہوں نے انگلش کھلاڑی معین علی پر نازیبا طنز کیا تھا جس پر لوگوں نے ان پر ’نسل پرست‘ ہونے کا الزام بھی لگایا تھا۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر معین علی کرکٹ نہ کھیل رہے ہوتے تو وہ داعش میں شامل ہونے شام چلے گئے ہوتے۔
ان کی اس ٹویٹ پر انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے کہا تھا ’آپ ٹھیک ہیں؟ مجھے نہیں لگتا کہ آپ ٹھیک ہیں۔‘
تسلیمہ نے خود پر ہونے والی تنقید کے بعد معین علی سے متعلق اپنی ٹویٹ کو ’مذاق‘ قرار دیا تھا۔

شیئر: