Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹی20: انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر مارٹن گپٹل نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
بدھ کو جے پور میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 165 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا۔
سوریا کمار یادو نے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے، انہیں ٹرینٹ بولٹ نے بولڈ کیا۔
کپتان روہت شرما 48 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر روندرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کیوی ٹیم کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ ٹم ساؤدھی، مچل سیٹنر اور ڈیرل مچل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انڈین کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔
اوپنر مارٹن گپٹل نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، وہ دیپک چہار کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ مارک چیپ مین نے 63 رنز بنائے اور ایشون کی بال پر بولڈ ہوگئے۔
انڈیا کی جانب سے بھونیشور کمار اور ایشون نے دو دو جبکہ دیپک چہار اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈیا کے سوریا کمار یادو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 19 نومبر کو رانچی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 21 نومبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 19 نومبر کو رانچی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن انڈیا کے خلاف ٹی20 سیریز کا حصہ نہیں ہیں، ان کی جگہ فاسٹ بولر ٹم ساؤدھی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب وراٹ کوہلی کی جگہ روہت شرما کو انڈین ٹی20 ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں ںے پہلی مرتبہ کپتانی کی۔

شیئر: