Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ آسٹریلیا کے نام، نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
 ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر کپ اپنے نام کر لیا۔
آسٹریلیا نے 19 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کی جانب سے میچ جیتنے کے لیے دیا گیا 173 رنز کا ہدف مکمل کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 53 رنز، مچل مارش 77 ناٹ آؤٹ اور گلین میکسویل 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب ٹرینٹ بولٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنز کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ٹائیٹل ملا جبکہ مچل مارش کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب 15 رنز کے مجموعی سکور پر ارون فنچ پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کو دوسرا نقصان اس وقت جب 13 ویں اوور میں 107 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ وارنز 53 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ مچل 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ گپٹل 35 گیندوں پر 28 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
کپتان کین ولیمسن 48 گیندوں پر تین چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دبئی میں ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلوی کپتان ارون فنچ نے کہا کہ ’پچ کسی قدر خشک ہے سیمی فائنل والے میچ کے مقابلے میں مگر امید ہے کہ اس پر دوسری اننگز میں گیند ٹھیک آئے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ سیمی فائنل والی ٹیم برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے۔ 
آسٹریلیا کی ٹیم ڈیوڈ وارنر،ارون فنچ، مچل مارش، سٹیون سمتھ، گلین میسکول، مارکس سٹوئنس، میتھیو ویڈ، پیٹ کیومنس، مچل سٹارک ایڈم زمپا اور جوش ہیزلی وُڈ پر مشتمل ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل، ڈاریل مچل، کین ولیم سن، گلین فلپس، ٹِم شیفرٹ، جیمز نیشام، مچل سانٹنر، ایڈم ملنے، ٹم سورتھی، اِش سودھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

شیئر: