Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر 70 لاکھ ریال لوٹنے والا گروہ گرفتار

’فاریکس اور عالمی شیئرز مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ غیر معمولی منافع دلوانے کا جھانسہ دیتے تھے‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض پولیس نے فاریکس اور شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گروہ کے افراد کو ریاض اور جدہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ریاض ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’گروہ میں 4 افراد شامل ہیں جن میں سے ایک سعودی اور تین پاکستانی تارکین ہیں‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد نے جعلی لنکس کے ذریعہ فاریکس اور عالمی شیئرز مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ غیر معمولی منافع دلوانے کا جھانسہ دیتے تھے‘۔
’سادہ لوح عوام کو شکار کرنے کے لیے مذکورہ افراد نے مختلف ذرائع سے تشہیری مہم چلائے رکھی تھی نیز متعدد طریقوں سے وہ لوگوں کے سرکاری کوائف اور بینک تفصیلات حاصل کرتے تھے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’گروہ میں سعودی شہری لوگوں کے اکاؤنٹ سے رقوم نکلواکے اپنے پاکستانی ساتھیوں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیا کرتا تھا‘۔
’جبکہ پاکستانی افراد ان رقوم کو ایک عرب ملک میں موجود اپنے باقی ساتھیوں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیا کرتے تھے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’اس طریقہ واردات کے ذریعہ گروہ نے اب تک 70 لاکھ ریال ناجائز طریقوں سے حاصل کئے ہیں‘۔
’ریاض پولیس نے سعودی شہری کو ریاض سے جبکہ بقیہ افراد کو جدہ سے گرفتار کیا ہے‘۔
’گروہ کے قبضے سے 1159 مقامی کمپنیوں کی موبائل سمیں،25 موبائل سیٹ، متعدد کمپیوٹر اور کئی اے ٹی ایم کارڈ کے علاوہ دیگر آلات ضبط ہوئے ہیں‘۔

شیئر: