Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج نہائی کینسل نہیں کرایا، اقامہ بھی ایکسپائر ہے دوبارہ تجدید ہوسکتا ہے؟

جرمانے اور فیس کی ادائیگی کے بعد اقامہ کی تجدید ممکن ہوتی ہےـ فائل فوٹو: ایس پی اے
مملکت کے سکونتی قانون کے تحت یہاں مقیم تارکین جب مستقل بنیادوں پروطن جاتے ہیں تو انہیں خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ درکار ہوتا ہےـ 
فائنل ایگزٹ لگائے جانے کے 60 دن کے اندراندر انہیں سفر کرنا ہوتا ہےـ اس دوران اگر سفر نہ کیا جائے تو ویزہ ایکسپائرہو جاتا ہےـ 
اس حوالے سے ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپر دریافت کیا کہ ’کارکن کا خروج نہائی لگائے ہوئے دو برس گزر گئے اس دوران وہ مملکت سے نہ جا سکا جبکہ اقامہ بھی دو برس سے ایکسپائر ہو گیا ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ اس صورت میں اقامہ تجدید ہو سکتا ہے؟‘
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازت کا کہنا تھا کہ امیگریشن قانون کے تحت یہ لازمی ہے کہ خروج نہائی لگانے کے بعد مقررہ مدت میں سفر کرنا ضروری ہےـ 
اگر مقررہ مدت کے دوران سفر نہ کیا جائے تو خروج نہائی کینسل کرانا ہوتا ہے بصورت دیگر مقررہ 60 روزہ مدت ختم ہونے کے بعد خروج نہائی کینسل کرانے پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہےـ 
اس ضمن میں جوازات کا مزید کہنا تھا کہ خروج نہائی کینسل کرانے کے بعد اقامہ کی تجدید ممکن ہو سکتی ہےـ 
واضح رہے خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگائے جانے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اقامہ ہولڈر مملکت میں قیام کو ختم کرکے اپنے وطن منتقل ہو رہا ہےـ 
خروج نہائی لگانے کے بعد قانونی طور پر 60 روز کا وقت دیا جاتا ہے اس دوران خروج نہائی پر جانے والے کو سفر کرنا ہوتا ہے اگر سفر نہ کیا جائے تو لازمی ہے کہ اسے کینسل کرایا جائےـ  
خروج نہائی کی منسوخی کی کارروائی آجر یا کفیل کے مقیم یا ابشر پورٹل کے ذریعے کی جا سکتی ہےـ خروج نہائی کینسل کرانے کے بعد اقامہ تجدید کرانے کے لیے مقررہ فیس کی ادائیگی کے ساتھ اقامہ کی تجدید میں تاخیر پرجرمانہ بھی ادا کرنا ہوتا ہےـ 
اقامہ کی تجدید میں تاخیر پر پہلے برس 500 ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے برس بھی تجدید میں تاخیر ہونے پرایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہےـ 
جرمانہ اور فیس کی ادائیگی کے بعد اقامہ کی تجدید ممکن ہوتی ہےـ
یہ بھی خیال رہے کہ اگر اقامہ کی تجدید میں مسلسل دو برس کی تاخیر ہو تو جرمانہ ایک ہی بار شمار ہوتا ہے تاہم اگر تجدید کے بعد دوسرے سال بھی تجدید تاخیر سے کرائی جائے تو جرمانہ ڈبل مانا جاتا ہے جبکہ تیسری بار تجدید میں تاخیر پر اقامہ تجدید نہیں کیا جاتا بلکہ کارکن کا خروج نہائی لگا دیا جاتا ہےـ  

شیئر: