سعودی وزارت تجارت نے مملکت بھر میں تجارتی اداروں کو انتباہ کیا ہے کہ وہ صرف ویکسین لگوانے والوں کو آنے کی اجازت دیں اورغیر ویکسین یافتہ افراد کو آنے سے روکیں۔
عاجل ویب کے مطابق وزات نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’تجارتی مراکز میں غیرویکسین یافتہ افراد کا آنا خلاف قانون ہے اور اس پر سزا مقرر ہے جو تجارتی ادارہ غیر ویکسین یافتہ کو آنے کی اجازت دے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی‘۔
وزارت تجارت نے مزید کہا کہ ’یہ پابندی ویکسین سے مستثنی زمروں میں شامل افراد پر لاگو نہیں ہوگی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ وزارت تجارت نے تمام تجارتی مراکز کو ہدایت کی ہے وہ گنجائش سے زیادہ افراد کو اندر نہ آنے دیں اور اس حوالے سے ایس او پیز، سماجی فاصلے اور ماسک کی پابندی کرائی جائے‘۔