Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریول مارٹ 2026: العلا اور بحیرۂ احمر جیسے مقامات بھی پاکستانی سیاحوں میں مقبول

پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان ٹریول مارٹ 2026 ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ٹریول آپریٹرز کے مطابق سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے سیاحتی تعاون سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے سیاح اب سعودی عرب کا رُخ کررہے ہیں۔
انڈسٹری کے نمائندوں کے مطابق سعودی عرب میں تفریحی، ثقافتی اور کاروباری سیاحت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے پاکستانی عوام اور ٹریول سیکٹر دونوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے پلیٹ فارمز پاکستان کی سیاحت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان ٹریول مارٹ اب صرف نمائش نہیں رہا
پاکستان ٹریول مارٹ کے سی ای او سید محمد علی ہمدانی نے اس موقع پر اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان ٹریول مارٹ 2026 گزشتہ برس منعقد ہونے والے ٹریول مارٹ کے مقابلے میں زیادہ منظم اور وسیع پیمانے پر منعقد کیا جا رہا ہے۔‘
ان کے مطابق پاکستان ٹریول مارٹ اب صرف ایک ایگزیبیشن نہیں رہا بلکہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں پالیسی، بزنس اور بین الاقوامی تعاون یکجا دکھائی دیتا ہے۔
 کہنا تھا کہ ’سعودی عرب طویل عرصے سے پاکستانی زائرین کے لیے حج اور عمرہ کے حوالے سے مرکزی حیثیت رکھتا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں اپنی پالیسیوں کو نمایاں طور پر تبدیل کیا ہے۔‘
پاکستان کے ٹریول آپریٹرز کے مطابق اس پالیسی کا براہ راست فائدہ پاکستانی مسافروں کو بھی ہورہا ہے۔

پاکستان ٹریول مارٹ اب صرف ایک ایگزیبیشن نہیں رہا بلکہ یہاں پالیسی، بزنس اور بین الاقوامی تعاون یکجا دکھائی دیتا ہے: فوٹو اردو نیوز

سابق چیئرمین پاکستان ٹریول آپریٹرز ایسوسی ایشن اور سی ای او اروما ٹریول ندیم شریف نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی سیاحوں کی دلچسپی میں واضح تبدیلی آئی ہے۔ ماضی میں زیادہ تر پاکستانی سعودی عرب صرف حج یا عمرہ کرنے کے لیے جاتے تھے، لیکن اب وہاں مختلف تاریخی مقامات، ثقافتی فیسٹیولز اور جدید تفریحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔‘
ندیم شریف کا کہنا تھا کہ ’نئی ویزا پالیسیوں اور ڈیجیٹل سہولیات کے باعث سعودی عرب کا سفر پاکستانی مسافروں کے لیے نسبتاً آسان ہو گیا ہے، جس سے ٹریول انڈسٹری کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔‘
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی ہیں

حالیہ برسوں میں سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں اپنی پالیسیوں کو نمایاں طور پر تبدیل کیا ہے: فوٹو ایس پی اے

بخاری ٹریول سے وابستہ سردار زبیر حسین نے کہا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات محض سفارتی یا مذہبی نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی گہرے ہیں۔‘  
ان کے مطابق سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جدہ، ریاض اور مدینہ کے علاوہ اب العلا اور بحیرۂ احمر جیسے مقامات بھی پاکستانی سیاحوں میں مقبول ہو رہے ہیں۔‘ 
پاکستان ٹریول مارٹ 2025
سپر ٹریولز سے وابستہ ملائیکا سکرانی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ٹریول مارٹ 2025 کراچی میں منعقد ہوا تھا، جس میں ملکی اور غیر ملکی سیاحتی اداروں، ایئر لائنز اور ہوٹل انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ برس کے ایونٹ میں پائیدار سیاحت، ڈیجیٹل ٹریول سلوشنز اور علاقائی روابط پر خاص توجہ دی گئی تھی۔‘
مبصرین کے مطابق 2025 کا ایونٹ پاکستان کے سیاحتی تشخص کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں مددگار ثابت ہوا۔
پاکستان ٹریول مارٹ 2026، توجہ کا محور کیا رہا؟
پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں جہاں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹریول سسٹمز پر بات کی گئی تھی، وہیں اس سال 2026 میں صحت اور میڈیکل ٹورازم کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں نوجوان آبادی اور بڑھتی ہوئی سفری دلچسپی سعودی سیاحت کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔‘
سیاحت اور معیشت
سپر ٹریولز سے وابستہ ملائیکا سکرانی کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کراچی میں منعقدہ پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کے موقع پر ہونے والی سرگرمیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحتی تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد کا ماننا ہے کہ اگر یہ تعاون اسی رفتار سے جاری رہا تو آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، کاروبار اور عوامی روابط میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
 

شیئر: