Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی نے سوشل میڈیا پر چینی اور کورین ایئرپورٹس کو انڈیا منتقل کردیا

وزیراعظم نریندر مودی نے ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد جمعرات کو رکھا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ریاست اترپردیش میں اگلے سال انتخابات ہونے ہیں اور اس سے قبل حکمراں جماعت بھارتیہ پارٹی (بی جے پی) ریاست بھر میں متعدد انفراسٹرکچر پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھ رہی ہے۔
جمعرات کے روز انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے اترپردیش کے شہر نوئڈا میں ایک ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھا اور مقامی میڈیا کے مطابق یہ انڈیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہوگا۔
اس ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد انڈیا کے سرکاری محکموں اور بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے ایئرپورٹ کی تصاویر شیئر کرنا شروع کردیں۔ ان تصاویر میں مسئلہ صرف یہ تھا کہ جن ایئرپورٹس کی یہ تصاویر تھیں ان کا انڈیا میں کوئی وجود ہی نہیں۔

جن دو ایئرپورٹس کی تصاویر ٹوئٹر پر سرکاری یا بے جے پی کے لوگوں کے اکاؤنٹس سے شیئر کی گئیں ان میں چین کا بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔
انڈیا کے صحافی و فیکٹ چیکر محمد زبیر نے ایک ٹویٹ میں ان ٹویٹس کی تصاویر لگاتے ہوئے کہا کہ ’بی جے پی وزرا اور سرکاری ہینڈلز بیجنگ انٹرنیشل ایئرپورٹ کی تصاویر کو نوائڈا ایئرپورٹ قرار دے رہے ہیں۔‘

صرف محمد زبیر ہی نہیں بلکہ چینی صحافی بھی انڈین حکومت کا مذاق اڑاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
شین شوائی نامی صحافی ایک ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ انڈیا کے سرکاری حکام چینی ایئرپورٹ کی تصاویر کو اپنی کامیابی کے ثبوت کے طور پر پیش کررہے ہیں۔

انڈیا کے نیوز چینلز نے بھی ان تصاویر کو شاید بغیر فیکٹ چیک کیے چلانا شروع کردیا۔ انڈیا میں فیکٹ چیکر عزیر رضوی نے ایک ٹویٹ میں اس طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر جنوبی کوریا کے انچیون ایئر پورٹ کی ہیں۔

نوئڈا میں زیرتعمیر ہوائی اڈے کو ’نوائڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ یا ’جیور ایئرپورٹ‘ کہا جاتا ہے۔ اس کا کل رقبہ پانچ ہزار ایکڑ ہے اور اسے ایک سوئس ایئرپورٹ کمپنی تعمیر کررہی ہئں۔
انڈین میڈیا کے مطابق اس ایئرپورٹ میں 29،560 کروڑ روپے خرچ ہورہے ہیں۔

شیئر: