Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں کمی، انڈیا کا دنیا بھر کے لیے فلائٹس بحال کرنے کا اعلان

انڈیا میں اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کی تعداد چار لاکھ یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا نے کورونا کے پھیلاؤ کے باعث معطل کی گئی بین الاقوامی فلائٹس بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ہندوستان ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن ڈائریکٹریٹ نے جمعے کو دنیا بھر سے انڈیا آنے والی پروازوں کو 15 دسمبر سے اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈیا سے دنیا کے کئی ملکوں کو جانے اور انڈیا آنے والی بین الاقوامی مسافر پروازوں کو گزشتہ برس مارچ میں معطل کیا گیا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’معاملے پر نظرثانی کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ 15 دسمبر سے انڈیا کے لیے تمام بین الاقوامی پروازیں بحال کی جائیں۔‘
اس وقت انڈین مسافر کئی ملکوں کے سفر کے لیے حفاظتی اور احتیاطی تدابیر اپناتے ہیں جبکہ بعض ملکوں پر سفری پابندیاں بھی عائد ہیں۔
انڈیا کے اس وقت امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور فرانس سمیت 28 ملکوں کے ساتھ کورونا کی وبا کے حوالے سے سفری احتیاطی تدابیر کے معاہدے ہیں۔
تاہم اگلے ماہ کی 15 تاریخ کے آغاز پر تمام سفری پابندیوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کے مطابق تمام شیڈول کمرشل فلائٹس کی بحالی کے بعد بھی وقتا فوقتا صورتحال کے مطابق نظرثانی کی جائے گی۔
بیان کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے متاثرہ ممالک کے حوالے سے جائزے پر سفری پابندیوں کی فہرست میں ترمیم کی جائے گی۔
انڈیا میں اس وقت کورونا کے روزانہ کیسز کی تعداد کم ہوئی ہے۔
اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کی تعداد چار لاکھ یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔

شیئر: