Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامے اور خروج وعودہ میں مفت توسیع کن ممالک کےلیے ہے ؟ 

31 جنوری 2022 تک توسیع کے احکامات جاری ہوچکے ہیں(فوٹوایس پی اے)
سعودی اعلی قیادت کی جانب سے سفری پابندی والے ممالک کے اقامہ ہولڈرشہریوں کے لیے خصوصی رعایت دیتے ہوئے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک توسیع کے احکامات جاری ہوچکے ہیں۔
اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے حوالے سے بیشتر افراد نے جوازات کے ٹوئٹر پردریافت کیا ہے کہ کیا وہ بھی اس خصوصی رعایت کے زمرے میں شامل ہیں۔ 
جوازات کے ٹوئٹر پر اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں دی جانے والی خصوصی رعایت کے حوالے سے ہیں جن میں دریافت کیا گیا ’کن ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع ہوگی‘ ؟ 
 جوازات کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جہاں سے تعلق رکھنے والے اقامہ ہولڈرز سفری پابندی کے باعث مملکت نہیں آسکے ان میں ’پاکستان ، انڈیا ، مصر، ایتھوپیا، ویتنام ، افغانستان، جنوبی افریقہ، ترکی، زمبابوے، نمبیا، موزمبیق، بوستوانا، لیسوتو، ایسواتینی اور لبنان شامل ہیں ‘ـ 
واضح رہے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سفری پابندی والے ممالک سے تعلق رکھنےوالے اقامہ ہولڈرز جو عائد پابندی کے باعث مملکت نہیں آسکے تھے انکے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک مفت توسیع کی جائے گی ، توسیع پر مرحلہ وار عمل کیاجائے گا ـ 
خیال رہے وزارت داخلہ کے بیان کے حوالے سے لوگوں کا خیال تھا کہ یکم دسمبر سے جن 6 ممالک پرسفری پابندی ہٹانے کے احکامات جاری ہونے کے بعد اب ان ممالک میں موجود اقامہ ہولڈرز اس رعایت میں شامل نہیں ہوں گے۔
اس حوالے سے ان ممالک سے تعلق رکھنے والے بیشتر افراد نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا ہے جس کے جواب میں جوازات کی جانب سے مذکورہ ممالک کے ناموں کی وضاحت کی ہے جن میں پاکستان سمیت وہ 6 ممالک بھی شامل ہیں جہاں سے پابندی یکم دسمبر سے اٹھائی جارہی ہے ـ 

جوازات اور نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کے تعاون و اشتراک سے توسیع کی جارہی ہے( فوٹو عاجل)

یاد رہے جب خصوصی رعایت کے احکامات صادر کیے گئے تھے اس وقت پاکستان سمیت مذکورہ 6 ممالک پر بھی پابندی عائد تھی جبکہ سفری پابندی کے خاتمے پر عمل درآمد کا پہلہ مرحلہ  یکم   اور دوسرے مرحلے کا آغاز 3 دسمبر 2021 سے کیاجائے گا ـ 
ایک شخص نے استفسارکیا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب  آنا ہے اقامہ 3 جنوری کو ایکسپائرہوجائے گا جبکہ سیٹ نہیں مل رہی کیا خودکارطریقے سے توسیع ہوگی ؟ 
 جوازات کا کہنا ہے کہ ایسے اقامہ ہولڈر تارکین جن کا تعلق سفری پابندی والے ممالک سے ہے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 31 جنوری 2021 تک توسیع کردی جائے گی تاہم یہ توسیع مرحلہ وار ہوگی جو جوازات اور نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کے تعاون و اشتراک سے کی جارہی ہے۔
واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان سمیت 6 ممالک پرسفری پابندیاں یکم دسمبر سے ختم کی جارہی ہیں جس سے مذکورہ چھ ممالک سے آنے والے مسافروں خاص کر اقامہ ہولڈرز جو اپنے ملک میں گئے ہوئے ہیں کو فائدہ ہوگا اور وہ باسانی مملکت آسکیں گےـ  
خیال رہے وہ افراد جن کے اقامے کی مدت سفر سے قبل ختم ہورہی ہے وہ اپنی باری کا انتظار کریں بصورت دیگروہ اختیاری طریقہ استعمال کرتے ہوئے اپنے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرا سکتے ہیں تاہم اس کے لیے انہیں مقررہ فیس بھی ادا کرنا ہوگی جو سروس حاصل کرنے کے بعد ناقابل واپسی ہوگی۔ 

شیئر: