Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا پاکستان سے عمرہ پیکجز سستے ہو رہے ہیں؟  

بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کو تین روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو تین روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
نئے عمرہ ضوابط کے مطابق ایسے زائرین جنہوں نے سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسین کی خوراکیں لگوا رکھی ہیں انہیں قرنطینہ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے ترجمان کے مطابق ’بیرون مملکت سے عمرہ ویزوں پر آنے والوں کو (اعتمرنا) ایپ کے ذریعے جاری شدہ اجازت ناموں کے تحت عمرہ، مسجد نبوی، روضہ شریف کی زیارت اور صلاۃ و سلام پیش کرنے کی اجازت ہو گی۔‘
پاکستان میں عمرہ ٹریول ایڈوائزر سکائی ڈیک کے سی ای او عامر مشتاق نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’عمرہ زائرین کے داخلے کی اجازت کا اعلان تو کردیا گیا ہے تاہم پاکستان سے فوری طور پر عمرے کے ویزوں کی بکنگ کا آغاز نہیں ہوا۔‘
 
انہوں نے بتایا کہ ’اس وقت تو عمرہ کے ویزوں کے لیے طے کردہ طریقہ کار کو سمجھا جا رہا ہے۔ ویزہ کی بکنگ، قرنطینہ کیسے بک کرنا ہے، عمرہ کی ادائیگی کے دوران ٹرانسپورٹ کا سسٹم کیا ہوگا؟ اور کتنے دن کا پیکج ہوگا اس سب پر ابھی کام ہو رہا ہے اور ابھی تک چیزیں واضح نہیں ہیں۔‘  
عامر مشتاق کے مطابق اس وقت مارکیٹ میں بھی عمرہ زائرین کی تعداد بھی انتہائی کم ہے، ’چونکہ عمرے کے لیے پہلے تو 14 روز کا قرنطینہ تھا اور اب قرنطینہ کا دورانیہ تو کم ہوگیا ہے۔‘
’اس کے باجود زائرین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ پہلے تو پروازوں پر ہی پابندی تھی، اب چیزیں واضح ہوں گی تو آئندہ چند ہفتوں میں صورت حال معمول کے مطابق آنے کے امکانات ہیں۔  
اسلام آباد کے رحمان عمرہ ٹریول آپریٹر بابر حسین بھی عمرہ کے پیکجز کے حوالے سے یہی صورت حال بتاتے ہیں۔

پاکستان کے ٹور آپریٹرز کے مطابق عمرے کے لیے تاحال ایئرلائنز نے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان نہیں کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کے مطابق ’عمرہ کے پیکجز ڈھائی لاکھ روپے تک پہنچ گئے تھے اور اب بھی اس میں کوئی زیادہ فرق نہیں آنے والا کیونکہ ایئرلائنز کی ٹکٹس کافی زیادہ مہنگی ہیں اور عمرے کے لیے تاحال ایئرلائنز نے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان نہیں کیا ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ قرنطینہ کے اخراجات ملا کر پیکچز میں کوئی زیادہ فرق نہیں آئے گا تاہم اب پاکستان سے براہ راست زائرین جا سکتے ہیں اس لیے عمرے کے ویزوں کی طلب آنا شروع ہو جائے گی۔  
عامر مشتاق کہتے ہیں کہ ’عمرہ پیکج کا دار و مدار ایئرلائنز کے ٹکٹ پر منحصر ہے اور اس وقت کم سے کم ایئر لائن ٹکٹ ایک لاکھ  روپے کا ہے، اس کے علاوہ 30 سے 35 ہزار روپے ویزہ فیس ہے جبکہ اتنی ہی قرنطینہ کے اخراجات آئیں گے تو اس لیے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’اس وقت مارکیٹ میں عمرے کے ویزوں کے حوالے سے خاموشی ہے اور زیادہ تیزی نہیں دیکھی جارہی تاہم آہستہ آہستہ چیزیں واضح ہونا شروع ہو جائیں گی۔‘  

شیئر: