Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کے ٹکٹس فروخت، سعودی عرب کے لیے مزید پروازیں چلانے کی درخواست

سعودی عرب کے لیے پی آئی اے نے ہفتہ وار 35 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی سعودی عرب کے لیے یکم دسمبر سے 12 دسمبر تک تمام پروازوں کی ٹکٹس فروخت ہونے کے بعد حکام نے مزید پروازیں چلانے کی درخواست کی ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سے براہ راست مسافروں کی اجازت دینے کے اعلان کے دو روز بعد ہی تمام ٹکٹس بک ہو گئی تھیں جس کے بعد مزید پروازیں چلانے کی درخواست کی ہے۔‘
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق یکم دسمبر سے 12 دسمبر تک تقریباً 9 ہزار مسافروں کو پاکستان سے سعودی عرب لے جایا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 12 دسمبر تک 60 سے زائد پروازوں کے ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں جبکہ مزید 10 سے 15 پروازیں چلانے کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے لیے پی آئی اے نے ہفتہ وار 35 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔
 یہ پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور پشاور سے روانہ ہوں گی۔
ترجمان کے مطابق یکم دسمبر سے روانہ ہونے والے مسافروں کو سعودی قوانین کے مطابق پانچ روز قرنطینہ کی شرط پر لازمی عمل کرنا ہوگا۔
ٹریول ایجنٹس کے مطابق قرنطینہ پیکج 1500 ریال سے شروع ہوتا ہے اور اس میں پانچ دن کا ہوٹل میں قیام، کھانا، پی سی آر ٹیسٹ اور ایئرپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ سروس شامل ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت مزید چھ ممالک سے آنے والے مسافروں کو یکم دسمبر 2021 سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہو گی۔

شیئر: