Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انتظار ختم ہوا‘ سکردو ایئر پورٹ انٹرنیشنل فلائٹس کے لیے کھول دیا گیا

گلگت بلتستان کے شہر سکردو کے ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
دنیا کے بلند ترین ایئر پورٹس میں شمار کیے جانے والے سکردو ایئر پورٹ کو آج جمعرات سے بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کے شہر سکردو کے ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق وزیر اعظم کے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے منصوبے کے تحت 2 دسمبر سے سکردو ایئر پورٹ بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شروعات میں آپریشن ہوا بازی کے ضابطے وی ایف آر کے تحت چلایا جائے گا۔

 

سکردو ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع ہونا پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشی کی خبر ہے جس کا اظہار وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل پاک وائیجر پر لکھا گیا ہے کہ ’2 دسمبر سے سکردو ایئر پورٹ بین الاقوامی سفر کرنے والوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ایک نئے دور کے لیے آسمان کھول رہے ہیں۔ اس اچھی خبر کا مطلب ہے کہ سکردو پُر جوش سیاحت کی میزبانی کرے گا۔‘
رضوانہ غضنفر نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام میں سکردو ایئر پورٹ کے حوالے سے لکھا کہ ’آخر کار سکردو ایئر پورٹ کی اپگریڈیشن کا انتظار ختم ہوا۔ سکردو ایئر پورٹ کو بین الاقوامی ایئر پورٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔‘ انہوں نے اس حوالے سے مزید لکھا کہ ’ سکردو ایئر پورٹ 2 دسمبر سے ایک نئی شناخت کے ساتھ کام کرے گا۔ اس کا علان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔‘

جہاں سکردو ایئر پورٹ کو انٹر نیشنل ایئر پورٹ کا درجہ ملنے پر سوشل میڈیا صارفین خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں کچھ صارفین سکردو ایئر پورٹ پر بنیادی ضروریات پوری کرنے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف زنیرہ رشید لکھتی ہیں کہ ’سکردو ایئر پورٹ بنیادی ضروریات کی کمی کا شکار ہے۔ دو ہفتے پہلے میں وہاں تھی۔ بورڈنگ کاؤنٹر پر ایک سسٹم کام کر رہا ہے، اور بے ترتیب وزن رکھا جا رہا ہے اور کوئی بیگج ریل کام نہیں کر رہے۔‘
 انہوں نے مزید کہا کہ ’بین الاقوامی سیاحوں کے دورے سے پہلے ان مسائل کو حل کیا جائے۔‘
ٹوئٹر صارف سیدہ ایلیا نقوی سکردو ایئر پورٹ اور سیاحت کے حوالے سے لکھتی ہیں کہ ’سیاحت کو فروغ دینے کے لیے خوبصورت سکردو ایئر پورٹ نے بین الا قوامی پروازوں کو آج خوش آمدید کہا ہے۔‘ 
یاد رہے وزیر ہوا بازی غلام سرور نے چند ماہ قبل کہا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سکردو کے ہوائی اڈے کو بین الاقوامی ایئر پورٹ کا درجہ دیا جائے گا۔

شیئر: