Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک پاکستانی مشنز کو مالی مشکلات کی خبریں بے بنیاد ہیں: دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کی جانب پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جان بوجھ غلط اطلاعات پھیلانے کی کوشش کی گئی (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانے یا مشنز کو مالی مشکلات درپیش ہونے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
اتوار کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں اس حوالے سے اطلاعات کو ’بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی‘ قرار دیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ حصوں کی جانب سے جان بوجھ کر غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے کی کوشش کی گئی جس کو قطعی طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔
پریس ریلیز میں وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام پاکستانی مشنز کو موثر طور پر چلانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
’اور اس کے لیے تمام متعلقہ معاشی ضابطوں اور بجٹ کے رولز کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔‘
خیال رہے پاکستان کے امریکہ اور ڈھاکہ میں سفارت خانے اور سفارتی مشنز کو مالی مشکلات کے حوالے سے خبریں چند روز قبل سامنے آئی تھیں۔ 

شیئر: