Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورکرز کی بھرتی اور پروفیشن ٹیسٹ، پاکستان اور سعودی عرب میں دو معاہدے

معاہدے کا مقصد پاکستان سے کارکنان کی درآمد کو منظم کرنا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
پاکستان اور سعودی عرب نے اتوار کو افرادی قوت کی بھرتی اور پروفیشن ٹیسٹ پروگرام سے متعلق دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پاکستانی ورکرز کی بھرتی سے متعلق پاکستانی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
مملکت کی جانب سے سیکریٹری عالمی امور ڈاکٹر عدنان النعیم اور پاکستان کی طرف سے لیفٹننٹ جنرل (ر) سفیر بلال اکبر نے دستخط کیے ہیں۔  

تکامل کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین اور وزیر تعلیم  نے معاہدے پر دستخط کیے(فوٹو ٹوئٹر)

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق معاہدے کا مقصد پاکستان سے کارکنان کی درآمد کو منظم کرنا۔ آجروں اور اجیروں کے حقوق و فرائض کو تحفظ فراہم کرنا اور فریقین کے درمیان ملازمت کے تعلق کودرست جہت دینا ہے۔ 
 تکامل کمپنی اورپاکستان میں پروفیشنل و تکنیکی ٹریننگ کے قومی ادارے کے درمیان پروفیشن ٹیسٹ کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔
تکامل کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر احمد یمانی اور پاکستانی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاہدے پر دستخط کیے۔  
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ شراکت مضبوط کرنے اور اندرون ملک و بیرون دنیا کے ساتھ اسٹراٹیجک تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہے اور معاہدے اسی کا حصہ ہیں۔  
معاہدوں پر دستخط کی تقریب پاکستان کے وزیر تعلیم شفقت محمود کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر ہوئی۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق کارکنوں کی بھرتی کا معاہدہ پاکستان کے ملازمین کی سعودی عرب کے بیشتر پیشوں میں منتقلی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
اس معاہدے کے تحت پاکستانی ملازمین کے حقوق کی بھی حفاظت کی جائے گی اور انہیں سعودی عرب میں قانونی حفاظت بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ معاہدہ ملازمین کو اپنے آجر، متعلقہ کمپنیوں اور ایجنسیوں کے ساتھ تنازعات حل کرنے میں بھی مدد دے گا۔
 معاہدے کے تحت ہنرمند اور تصدیق شدہ ملازمین کو سعودی عرب بھیجا جائے گا۔
 بیان کے مطابق ہنرمند ملازمین کی تصدیق پاکستان کی ٹیکنیکل افرادی قوت کو بیرون ملک ٹریننگ کے لیے اہل بنائے گی۔

 

شیئر: