Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کے ماحولیاتی سائنسدان کے لیے اٹلی کا شہری اعزاز

اطالوی سفیر نے ' نائٹ ہڈ ' اعزاز پیش کرنے  کے لیے تقریب کا اہتمام کیا۔ (فوٹو ٹوئٹر)
ایک لبنانی سائنسدان جو اپنے ملک کے ماحول کے تحفظ میں مہارت رکھتا ہے اسے اطالوی جمہوریہ نے اٹلی کے دوسرے بڑے شہری اعزاز ' نائٹ ہڈ ' سے نوازا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق لبنان کے قدرتی ذخائر سے مالا مال علاقے الشوف میں  حیاتیات کے ذخائر کے ادارے کے جنرل منیجر نزار ہانی کو بیروت میں موجود اطالوی سفیر نیکولیتا بومباردیری نے 'آرڈر آف دی سٹار آف اٹلی' پیش کرنے  کے لیے اپنی رہائش پر تقریب کا اہتمام کیا۔

لبنانی سائنسدان  نزار ہانی نے اٹلی اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو عرب نیوز)

لبنان کے سائنسدان کو دیا جانے والا یہ اعزاز اٹلی کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے جو اطالوی صدر کے حکم سے اطالوی شہریوں یا غیر ملکیوں کو دیا جاتا ہے۔
یہ اعزازایسے افراد کے لیے ہے جنہوں نے اٹلی اور دیگر ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کے فروغ میں خصوصی خدمات انجام دی ہوں۔
یونیسکو کی جانب سے تسلیم شدہ جبل الشوف میں حیاتیات کے ذخائر جو بلوط اور جونیپر کے جنگلات سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ یہ علاقہ لبنان کے شمال میں دہر البیدر سے لے کر جنوب میں نیہا کے پہاڑوں تک پھیلا ہوا ہے۔
ان ذخائر میں کچھ درختوں کی عمر دو ہزارسال قدیم بتائی جاتی ہے۔ یہ مشہورترین پرکشش مقامات اس کے دیودار کے تین شاندار جنگلات مسار الشوف، باروق اور عین ظلطا بموہری ہیں جو لبنان میں دیودار کے باقی ماندہ جنگلات کا ایک چوتھائی ہیں۔

الشوف میں حیاتیات کے ذخائر بلوط  کے جنگلات سے ڈھکے ہوئے ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

ان علاقوں میں پیدل سفر اور ٹریکنگ کے ساتھ ساتھ پرندوں کو دیکھنے، ماؤنٹین ہائیکنگ اور سنو شوئنگ کے لیے ایک مقبول اور اچھا مقام ہے جہاں پر بھیڑیوں کے ساتھ ساتھ لبنانی جنگل کی بلی اور پودوں کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔
اس تقریب کے موقع پر اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ لبنانی سائنسدان نزار ہانی کے لیے اس اعزاز میں ہم ان تمام لوگوں کو شامل کرتے ہیں جنہوں نے اس کامیابی میں ان کا پورا ساتھ دیا اور حصہ ڈالا ہے۔
سفیر نے مزید کہا کہ اٹلی لبنان میں سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کی حوصلہ افزائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے کہ وہ ملک میں ماحولیاتی مسائل کے خاتمے کے لیےذمہ داریوں کو ترجیحی طور پر بڑھائیں۔
اس موقع پر لبنانی سائنسدان  نزار ہانی نے اٹلی اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
 

شیئر: