Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حج اور عمرہ خدمات کا دائرہ وسیع کرنا چاہتے ہیں‘

اب ہم وبا سے نکل رہے ہیں ، معیشت مضبوط ہونے لگی ہے۔ ( فوٹو مکہ اخبار)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان شراکت ضروری ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر حج و عمرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب ان دنوں زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کر رہا ہے, حج اور عمرہ خدمات کا دائرہ وسیع کرنا چاہتے ہیں اور اس بات کے خواہش مند ہیں کہ حج، عمرہ اور زیارت کے سفر کو زائرین ہمیشہ خوشگوار یادوں میں محفوظ رکھیں۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’پرائیویٹ سیکٹر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ترقیاتی پروگراموں اور زائرین کو منفرد نیز موثر سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں اسٹراٹیجک شریک بنائیں گے۔‘
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مکہ مکرمہ ایوان تجارت میں حج و عمرہ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’کورونا وبا کے زمانے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے پبلک سیکٹر نے مشکل اٹھائی ہے۔ وبا کے زمانے میں حج اور عمرہ خدمات کا دائرہ انتہائی حد تک محدود ہو گیا تھا۔‘
وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ ’اب ہم وبا سے نکل رہے ہیں اور معیشت مضبوط ہونے لگی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزارت مکہ مکرمہ ایوان صنعت و تجارت کے ساتھ مل کر نئے پروگرام اورسکیمیں دینے والے سرمایہ کاروں کی مدد کےلیے سپیشل یونٹ قائم کرنے جا رہی ہے۔‘
اس موقع پر مکہ مکرمہ ایوان تجارت کے چیئرمین ہشام کاکی نے کہا کہ ’وبا کے اثرات اب تک موجود ہیں۔ خصوصاً مکہ مکرمہ کے سرمایہ کار متاثر ہو رہے ہیں۔'
'وزارت حج و عمرہ کی مدد کے بغیر بات نہیں بنے گی ۔ کئی سرمایہ کار نقصان اٹھا کر اپنا کاروبار سمیٹ چکے ہیں۔ خصوصاً ہوٹلوں، ریستورانوں اور ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد مارکیٹ سے نکل گئی ہے۔’
ملاقات کے دوران حج و عمرہ منصوبے نافذ کرنے والے سرمایہ کاروں نے تجاویز پیش کیں۔

شیئر: