Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور قطر کے درمیان مختلف امور پر اتفاق، مشترکہ اعلامیہ

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر کے تعلقات مستحکم بنیاددوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے دوحہ سے روانگی پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے نام شکریے کا ٹیلی گرام بھی ارسال کیا۔  
جمعرات کو سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی ولی عہد نے امیر قطر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’برادر ملک سے روانہ ہوتے وقت مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ قطر میں اپنے اور ہمراہ وفد کے شاندار استقبال اور فیاضانہ میزبانی پر آپ کا شکریہ ادا کروں۔‘
شہزادہ محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ قطر کے دورے اور آپ کے ساتھ مذاکرات نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ قطر اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ٹھوس بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ملک تمام شعبوں میں باہمی تعاون گہرا کرنے کی مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔
’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور آپ کی قیادت میں دونوں ملک اپنے عوام کے مفادات کے حصول کے خواہش مند ہیں۔‘

مذاکرات میں فلسطین اسرائیل تنازع کے حل تک رسائی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا (فوٹو: ٹوئٹر)

 ولی عہد کے دورہ قطر کے اختتام پر جاری کیے جانے والے مشترکہ اعلامیے میں باہمی تعاون کے فروغ اور مختلف مسائل پر یکساں موقف اختیار کرنے کا پختہ عزم ظاہر کیا گیا اور اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا۔  
مشترکہ اعلامیے میں قطر اور سعودی عرب نے تمام سیاسی مسائل کے حل کے سلسلے میں تعاون بڑھانے اور دونوں ملکوں کے امن و استحکام کے ضامن اقدامات اپنانے کی کوشش کرتے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔  
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماوں نے مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیاسی، عسکری امن و سلامتی، اقتصادی، تجارت ، سرمایہ کاری، صنعتی ، ثقافتی ، کھیلوں ، ماحولیات ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے مختلف شعبوں میں مہیا مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
مذاکرات افہام و تفہیم اور باہمی اعتماد کے برادرانہ ماحول میں ہوئے۔ سعودی قطری رابطہ کونسل کا چھٹا اجلاس ہوا۔ امیر قطر اور ولی عہد نے اپنے اپنے ممالک کی قیادت کی۔

دورے کے دوران سعودی قطری رابطہ کونسل کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا (فوٹو: ٹوئٹر)

دونوں ملکوں نے عسکری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اوراسے جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔ طے کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے عسکری کالج ایک دوسرے کو اپنے یہاں تعلیم و تربیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں گے۔  
دونوں ملکوں نے اقتصادی، تجارتی اور صنعتی مواقعوں سے استفادہ کرنے، تجارتی سرگرمیاں بڑھانے، نجی شعبوں کو زیادہ بڑے پیمانے پر کام کرنے کے مواقع دینے، برآمدات کے فروغ اور آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے گرین مشرق وسطیٰ اقدام کو عملی جامع پہنانے میں تعاون کا بھی فیصلہ کیا۔ ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے مل جل کر نمٹنے سے بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی مشترکہ خواہش رکھتے ہیں (فوٹو: سبق)

فریقین نے بجلی کے نیٹ ورک سے استفادہ اور توانائی کے شعبوں میں نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔ دونوں ملکوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کی کوششوں کی حمایت اور فلسطین اسرائیل تنازع کے جامع حل تک رسائی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔  
فریقین نے یمنی بحران کے جامع سیاسی حل کے لیے جاری کوششوں کے حوالے سے نقطہ نظر میں یگانگت پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
عراق میں انتخابی عمل کی کامیابی کا خیر مقدم کیا گیا۔ سوڈان میں عبوری مرحلے کے حوالے سے افہام و تفہیم پیدا ہونے پر خوشی ظاہر کی۔
لبنان میں جامع اصلاحات کو ناگزیر قرار دیا گیا۔ شامی بحران کے سیاسی حل کے سلسلے میں اعلان جنیوا 1 اور سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 2254 کے مطابق معاملہ طے کرنے کی تاکید کی۔ لیبیا کے بحران کے سیاسی حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانونی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ حل کیا جائے۔  
قطر اور سعودی عرب نے افغانستان میں امن و استحکام کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہاں دہشت گردوں اور انتہائی پسندوں کو پناہ گاہ حاصل کرنے کا موقع نہ دیا جائے۔
دہشت گردی کے انسداد کے مطابق عالمی مشن کا مستقل بنیادوں پر ساتھ دیا جائے۔ پاکستان میں افغانستان کی انسانی صورت حال پر بحث کے لیے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کی اہمیت تسلیم کی گئی۔ دونوں ملکوں نے ایران کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو موثر اور ٹھوس انداز میں حل کرانے کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔  

شیئر: