Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج و عودہ ایکسپائر ہونے کی صورت میں کیا کریں؟

وہ افراد جن کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں تاحال توسیع نہیں ہوئی وہ اپنی باری کا انتظار کریں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی حکام کی جانب سے عارضی سفری پابندی والے ممالک سے تعلق رکھنے والے اقامہ ہولڈر تارکین کی سہولت کے لیے ان کے اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک مفت توسیع کے احکامات صادر کیے جا چکے ہیں۔
اس ضمن میں وزارت داخلہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سفری پابندی والے ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں مقررہ مدت تک مفت توسیع کی جا رہی ہے تاہم اس پرعمل مرحلہ وار کیا جا رہا ہےـ
مملکت کے اقامہ ہولڈر ایک غیر ملکی نے دریافت کیا کہ میں پاکستان میں مقیم ہوں۔ خروج و عودہ 30 نومبر کو ایکسپائر ہو چکا ہے، تاحال اس کی تجدید نہیں ہوئی، کیا کروں؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ عارضی طور پرسفری پابندی سے تعلق رکھنے والے ممالک کے اقامہ ہولڈرز کی سہولت کے لیے ایوان شاہی سے صادر ہونے والے احکامات پرعمل درآمد جاری ہے۔
’اس ضمن میں سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کے تعاون و اشتراک سے اقامہ ہولڈرز کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کا عمل جاری ہے جو مرحلہ وار کیا جارہا ہے۔‘
خیال رہے وہ افراد جن کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں تاحال توسیع نہیں ہوئی وہ اپنی باری کا انتظار کریں۔
شاہی احکامات کے مطابق متاثرہ ممالک کے شہریوں کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک مفت توسیع کی جائے گی۔
بعض افراد اس ضمن میں سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن سے رابطہ کرتے ہیں۔
اس حوالے سے جوازات کا کہنا ہے کہ ’مذکورہ ممالک سے تعلق رکھنے والے اقامے یا خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے حوالے سے کسی سرکاری ادارے سے رجوع نہ کریں کیونکہ تمام معاملات خودکار طریقے سے انجام دیے جا رہے ہیں۔‘
’جیسے ہی باری آئے گی اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں مفت توسیع کر دی جائے گی۔‘
ایک اورشخص نے مملکت آنے کے حوالے سے دریافت کیا کہ ’سعودی عرب آنے کے لیے ’مقیم‘ میں رجسٹریشن نہیں ہوئی کیا سفر کرسکتے ہیں؟‘

جوازات کا کہنا ہے ’جیسے ہی باری آئے گی اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں مفت توسیع کر دی جائے گی۔‘ (فوٹو: سیدتی ڈاٹ نیٹ)

اس پر جوازات کا کہنا تھا کہ ’ضوابط کے مطابق مملکت آنے والے غیر ملکیوں کو چاہیے کہ وہ مملکت آنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل اپنی معلومات مقیم ویب کے قدوم پورٹل پر اپ ڈیٹ کریں۔‘
قدوم پورٹل کے لیے https://muqeem.sa/#/vaccine-registration/home لنک پر لاگ ان کرنے کے بعد اس میں اپنے سٹیٹس کے مطابق معلومات درج کی جا سکتی ہیں۔
قدوم پورٹل پر وزٹرزاور اقامہ ہولڈرز کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس میں ویکسین یافتہ اور غیر ویکسین یافتہ افراد اپنا سٹیٹس اپ لوڈ کر سکتے ہیں ـ
وزٹ ویزے پر آنے والے اپنے ملک کا نام منتحب کرنے کے بعد ویزہ نمبر درج کریں گے جس کے بعد مرحلہ وار آگے کی کارروائی مکمل ہوگی۔
وزٹر کی طرح مملکت آنے والے اقامہ ہولڈرز کی رجسٹریشن کے لیے بھی یہی کارروائی ہوگی، تاہم اس میں اقامہ نمبر اور تاریخ پیدائش درج کرنے کے بعد آگے کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

شیئر: