Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندری طوفان سے تباہی، شاہ سلمان کا فلپائنی صدرکو تعزیتی خط

سمندری طوفان ’رائے‘ سے 50 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں۔ فوٹو اے پی
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلپائن میں سمندری طوفان سے ہونے والی تباہی پر صدر روڈریگو دوتیرتے کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
عرب نیوز نے سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے کہا ہے کہ شاہ سلمان نے خط میں لکھا کہ ’ہمیں ٹائفون رائے کے بارے میں علم ہوا ہے جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک، زخمی اور لاپتا ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس مصیبت کے وقت میں ہم آپ کی تکلیف کو سمجھتے ہیں۔ ہم ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور فلپائن کے عوام کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ فلپائن میں آنے والے شدید طوفان سے وسطی اور جنوبی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں افراد ہلاک جبکہ ہزاروں گھر تباہ ہوئے ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی فلپائن کے عوام کے ساتھ ہمدردی میں صدر روڈریگو دوتیرتے کو تعزیتی خط لکھا ہے۔
پیر کو فلپائن کے حکام نے کہا تھا کہ طوفان سے 50 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں جس کے باعث تین لاکھ 80 ہزار افراد کو عارضی رہائشی مراکز میں بھیج دیا گیا ہے۔
فلپائن پولیس کے مطابق 56 لاپتا جبکہ مزید 500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فلپائن کی نیشنل ریڈ کراس کے مطابق سمندری طوفان ’رائے‘ نے ساحلی علاقوں میں گھروں، ہسپتالوں اور سکولوں کو مکمل اکھاڑ کر رکھ دیا ہے۔
طوفان سے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑ سے اکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے گر گئے، لکڑی کے گھر ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے، فصلیں بہہ گئیں جبکہ کئی گاؤں زیر آب ہیں۔

فلپائن کے جنوبی اور وسطی علاقے طوفان سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

فلپائن کے ساحلی شہر سریگاؤ کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہے، فوری طور پر خوراک اور پینے کے پانی کی ضرورت ہے۔
جزیرہ بوہول طوفان سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں کم از کم 94 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کاسیانو مونیلا کا کہنا ہے کہ ’فی الحال حکومت کو بیرونی امداد کی ضرورت نہیں پڑی لیکن اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے دفتر نے تکنیکی مہارت اور دیگر شعبوں میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔‘
خیال رہے کہ سائنس دان کافی عرصے سے خبردار کر رہے ہیں کہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور موسم گرم ہونے کے باعث ٹائفون مزید طاقت ور ہوتے جا رہے ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث فلپائن سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے جہاں ہر سال اوسطاً 20 طوفان آتے ہیں جن سے فصلوں، گھروں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
فلپائن میں سال 2013 میں آنے والے ٹائفون ’ہائیان‘ میں 7 ہزار 300 افراد ہلاک اور لاپتا ہوئے تھے۔

شیئر: