Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پارلیمانی وفد بدھ کو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا

سعودی پارلیمانی وفد کے اس دورے کو تبدیلی کا محرک قرار دیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی پارلیمانی وفد سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی قیادت میں پاکستان کے تین روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچے گا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی دعوت پر سعودی عرب شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن محمد الشیخ کی قیادت میں سعودی پارلیمانی وفد 22 دسمبر 2021 سے پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کر رہا ہے۔
سعودی پارلیمانی وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے علاوہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں بین الپارلیمانی روابط، دوطرفہ تعلقات، علاقائی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی پارلیمانی وفد کے اس دورے کو تبدیلی کا محرک قرار دیا جا رہا ہے اور اس سے خطے میں امن و استحکام  کو فروغ حاصل ہوگا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی اور پارلیمانی تعاون اور ہم آہنگی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ 
رواں ہفتے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ دوسرا اعلیٰ سطح کا رابطہ ہے۔ سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت اور پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے چیئرمین سعودی مجلس شوریٰ پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ 
اس کے علاوہ چئیرمین اسلامی ترقیاتی بینک بھی ان دنوں پاکستان میں موجود ہیں اور پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ 

شیئر: