Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آل راؤنڈر شاداب خان کا آسٹریلوی کلب سڈنی سکسرز سے معاہدہ

پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف میلبورن سٹارز کی طرف سے کھیلیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلوی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی فرنچائز سڈنی سکسرز نے گیارہویں ایڈیشن کے لیے پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔
سڈنی سکسرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاداب خان بی بی ایل کے بقیہ میچز میں سڈنی سکسرز کا حصہ ہوں گے اور لیگ کے اختتام تک سڈنی سکسرز کے ساتھ ہی کھیلیں گے۔
اس سے قبل شاداب خان بگ بیش لیگ کے ساتویں سیزن میں ایک اور فرینچائز ’برسبن ہیٹ‘ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
شاداب خان نہ صرف محدود اوورز کے میچز میں پاکستانی ٹیم کے مستقل رکن ہیں بلکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائٹد کے کپتان بھی ہیں۔
ان کے سڈنی سکسرز کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر اسلام آباد یونائیٹد نے لکھا کہ ’شیڈی بیگ بیش لیگ میں سکسرز کے رنگ پہن کر دھاڑیں گے۔‘
’چھا جاؤ کپتان۔‘
شاداب خان بگ بیش لیگ کھیلنے والے پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے حارث رؤف، احمد دانیال، محمد حسنین اور سید فریدوں بھی اس لیگ میں کھیل چکے ہیں۔
شاداب خان کے علاوہ حارث رؤف بھی بگ بیش لیگ کھیل رہے ہیں اور میلبورن سٹارز کی نمائندگی کریں گے۔
حارث رؤف اس سے قبل اس لیگ کے 2019-20 سیزن میں 10 میچ کھیل کر 20 وکٹیں لے چکے ہیں اور انہوں نے سڈنی تھنڈرز کے خلاف ایک ہیٹ ٹرک بھی کی تھی۔
پاکستانی فاسٹ بولر اپنا پہلا میچ 27 دسمبر کو برسبن ہیٹ کے خلاف کھیلیں گے۔

شیئر: