Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے: شاداب خان

پاکستانی ٹوئٹر پر اس وقت ’آسک شاداب‘ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد پچھلے کئی ماہ سے کرکٹ ٹیم کا بحیثیت کھلاڑی حصہ ضرور ہیں لیکن کھیلنے کا موقع انہیں اپنی خراب کارکردگی کے باعث کم ہی ملتا ہے۔
لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر شاداب خان انہیں اب بھی انہیں اپنا کپتان کیوں مانتے ہیں؟
پاکستانی ٹوئٹر پر ’آسک شاداب‘ اس وقت ٹاپ ٹرینڈ چل رہا ہے جس کی وجہ شاداب خان کی جانب سے اپنے مداحوں کو دیے گئے سوالات کے جوابات ہیں۔
سرفراز احمد کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین آج بھی ان کے کپتان ہیں ’کیونکہ انہوں نے مجھے سکھایا کہ قیادت کیسے کرتے ہیں، اپنی ٹیم کا خیال کیسے رکھتے ہیں اور کیسے اپنے ملک اور ٹیم میٹس کے لیے لڑتے ہیں۔‘
شاداب نے سرفراز کو اپنا ’ٹیچر‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ ہمیشہ ان کے کپتان رہیں گے۔
شاداب خان پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان بھی ہیں۔ ان کی قیادت میں کھلینے والے انگلش بیٹسمین فلپ سالٹ نے ان سے سوال کیا کہ ’اگر آپ چڑیا گھر کے جانور ہوتے تو کون سے (جانور) ہوتے اور کیوں؟‘
فلپ سالٹ کے مزاحیہ سوال پر شاداب نے جواب دیا کہ ’سالٹی، اسی لیے میں تم سے بات کرنے سے گریز کرتا ہوں۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم بھی شاداب خان کے قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں۔ ایک ٹوئٹر صارف نے شاداب خان سے کہا کہ وہ ایک لفظ میں بابر اعظم کی شخصیت کو بیان کریں۔
اس کے جواب میں شاداب نے بابر اعظم کے لیے ’نمبر 1‘ کے الفاظ استعمال کیے۔
نوید ندیم نامی صارف نے پوچھا کہ 2022 کے پاکستان سپر لیگ ایونٹ میں کون سی ٹیم کو ہرانا مشکل ہوگا؟
شاداب خان نے کہا کہ ’ساری ٹیمیں مشکل ہیں لیکن (پشاور) زلمی کے ساتھ میچز ہمیشہ مشکل ہوتے ہیں۔‘

شیئر: