Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب، ملک کی پہلی نیشنل سکیورٹی پالیسی پیش ہوگی

6 دسمبر کو حکومت نے ملکی تاریخ کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا  ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
’اجلاس میں ملک کی تاریخ کی پہلی نیشنل سکیورٹی پالیسی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔‘
خیال رہے 6 دسمبر کو حکومت نے ملکی تاریخ کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رواں مہینے کے شروع میں پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا تھا جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے قومی سلامتی پالیسی کے مسودے کے حوالے سے بریفنگ دی تھی۔
سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمان کے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا تھا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے معید یوسف نے بتایا تھا کہ پہلی مرتبہ نیشنل سکیورٹی پالیسی کا ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے جسے نیشنل سکیورٹی ڈویژن نے تیار کیا ہے۔ مسودے میں ملکی سلامتی پالیسی کی گائیڈ لائن شامل ہے۔
 ’سکیورٹی پالیسی میں ملک کی معیشت کی سکیورٹی، فوڈ سکیورٹی، ملٹری سکیورٹی، پانی کی سکیورٹی، معیشت کی سکیورٹی، خارجہ پالیسی، آبادی میں اضافہ اور دہشت گردی شامل ہے۔‘
پالیسی میں کشمیر اور افغانستان کی صورتحال اور خطے کے دیگر ممالک سے تعلقات بھی شامل ہیں۔ نیشنل سکیورٹی  پالیسی میں متعلقہ وزارتیں پالیسی پر عملددرامد کرائیں گی۔  معید یوسف نے کہا تھا کہ اس پالیسی کو وفاقی کابینہ سے منظور کرانے کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

شیئر: