Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے ہندو یاتریوں کے لیے پی آئی اے کی پرواز کیوں منسوخ ہوئی؟

ہندو یاتری واہگہ سرحد کے ذریعے بھی پاکستان آتے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی انڈیا سے پاکستان کے لیے ہندو یاتریوں کی خصوصی پرواز کو روک دیا ہے۔ 
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ترجمان کے مطابق جمعے کی صبح دہلی سے پشاور آنے والے ہندو یاتریوں کے لیے خصوصی پی کے 6271  اجازت نہ ملنے کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ’انڈین حکام کی جانب سے ہندو یاتریوں کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت نہیں دی گئی اور پی آئی اے کی پرواز کو روک دیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق انڈین حکام کا کہنا ہے کہ ہندو یاتریوں کے لیے پی آئی اے کو خصوصی فضائی آپریشن کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر ایسی کوئی پرواز چلانی ہے تو صرف انڈین فضائی کمپنی کو ہی یاتریوں کو لے جانے کی اجازت دیں گے۔‘  
اس حوالے سے انڈین ہائی کمیشن کے ترجمان سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔  
انڈیا سے خصوصی پرواز کیوں چلائی جا رہی ہے؟  
واضح رہے کہ پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے تاریخی قصبے ٹیری میں ہندوؤں کے ایک مذہبی پیشوا کی سمادھی پر مقامی افراد نے دھاوا بول دیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا تھا جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے مندر کی تعمیر کا کام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
30 دسمبر 2020 کو اس سمادھی پر حملہ کیا گیا تھا اور ایک سال بعد سرکاری سطح پر حکومت پاکستان نے ہندوؤں کے اس تاریخی مقام کی حفاظت کرنے اور ہندوؤں کو یاترا کروانے کا اہتمام کیا ہے۔  
اسی سلسلے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے متحدہ عرب امارات سے بھی یاتریوں کے لیے خصوصی پرواز چلانے کا اہتمام کیا ہے جبکہ دہلی سے پشاور کے لیے بھی خصوصی پرواز شیڈول کی گئی تھی۔ 

واہگہ کے راستے آنے والے یاتریوں کو خصوصی پرواز سے پشاور پہنچایا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اس پرواز سے 162 ہندو یاتریوں نے پشاور کے لیے سفر کرنا تھا، پاکستان اور انڈیا کے درمیان پروازوں کا معاہدہ پہلے سے موجود ہے، اس لیے ہم نے درخواست دے کر پرواز شیڈول کر دی تھی لیکن پرواز سے ایک رات قبل انڈین حکام نے یہ کہہ کر پرواز کی اجازت نہیں دی کہ اگر ہندو یاتریوں کے لیے ایسی کوئی پرواز چلائی جانی ہے تو پھر انڈین فضائی کمپنی کو یہ اجازت دی جائے گی۔‘ 
ہندو یاتری اب واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے 
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‘پرواز منسوخ ہونے کے بعد اب 162 یاتری واہگہ کے راستے سنیچر کو لاہور پہنچیں گے۔ جس کے بعد انہیں پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے لاہور سے پشاور لے جایا جائے گا جہاں سے وہ کرک میں تاریخی سمادھی کی یاترا کریں گے۔ جس کے بعد انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے پشاور سے لاہور لے جایا جائے گا اور وہ واہگہ ہی کے راستے سے انڈیا واپس جائیں گے۔ 

شیئر: