Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر وزیراعظم بورس جانسن کو نئے سکینڈل کا سامنا

ڈاؤننگ سٹریٹ میں لاک ڈاؤن کے دوران غیر رسمی پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت کو لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی پر ایک اور سکینڈل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ کورونا قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 10 ڈاؤننگ سٹریٹ یعنی وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب کے دوران درجنوں اعلیٰ حکام کی شرکت کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔
مئی 2020 میں وزیراعظم بورس جانسن نے مبینہ طور پر اپنی سرکاری رہائش گاہ کے لان میں غیر رسمی پارٹی کا اہتمام ایسے وقت میں کیا تھا جب حکومت کی جانب سے اجتماع پر پابندی عائد تھی۔
پیر کی رات گئے منظر عام پر آنے والی ایک ای میل میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اعلیٰ حکومتی عہدیدار مارٹن رینولڈز نے 10 ڈاؤننگ سٹریٹ سے منسلک ایک سو سے زائد ساتھیوں کو ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی جس میں وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے بھی شرکت کی۔
10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں ہونے والی تقریبات سے متعلق اسی نوعیت کے الزامات گزشتہ ماہ بھی سامنے آئے تھے جو کرسمس 2020  کے قریب لگنے والے لاک ڈاؤن کے دوران منعقد کی گئی تھیں۔
اس سکینڈل نے وزیراعظم بورس جانسن کو مجبور کیا تھا کہ وہ ایک اور اعلیٰ عہدیدار سو گرے کو عہدے پر تعینات کریں جنہیں ان الزامات کی تحقیات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
لندن پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مئی میں ہونے والی پارٹی کے لیے ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم بورس جانسن نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے کہ عالمی وبا کے دوران 10 ڈاؤننگ سٹریٹ نے کسی قسم کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔
حکومتی عہدیدار مارٹن رینولڈز نے مئی 2020 میں بھیجی جانے والی ای میل میں لکھا تھا کہ ’انتہائی مصروف عرصے کے بعد اس خوبصورت موسم میں 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے لان میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے مشروبات کا اہتمام کریں۔‘
یہ ای میل ایسے وقت پر بھیجی گئی تھی جب برطانوی شہری اپنے پہلے لاک ڈاؤن سے گزر رہے تھے اور کسی قسم کے آؤٹ ڈور سماجی اجتماع پر پابندی عائد تھی۔

شیئر: