انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا گیا ہے۔
سنیچر کو آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ’آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کے بعد بنگلہ دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر کر دیا گیا ہے۔‘
بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کو گروپ سی میں کیا گیا ہے جہاں وہ انگلینڈ، اٹلی، نیپال اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ مقابلہ کرے گا۔
مزید پڑھیں
پریس ریلیز کے مطابق ’یہ اعلان ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب آئی سی سی نے انڈیا میں بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کو درپیش کسی بھی قابلِ اعتبار یا تصدیق شدہ سیکیورٹی خطرے کی عدم موجودگی میں بی سی بی کی جانب سے میچز انڈیا سے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔‘
واضح رہے کہ سری لنکا اس ٹورنامنٹ کے مشترکہ میزبانوں میں شامل ہے جبکہ ایونٹ کا آغاز سات فروری سے ہوگا۔
’آئی سی سی کی جانب سے اندرونی اور بیرونی ماہرین کی مدد سے آزاد سیکیورٹی جائزے بھی کرائے گئے۔‘
آئی سی سی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’بورڈ نے یہ مشکل فیصلہ کیا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں قلیل وقت باقی ہونے کے باعث بی سی بی کی درخواستیں پوری کرنا ممکن نہیں تھا۔‘
آئی سی سی کے بیان کے مطابق ’یہ فیصلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے انڈیا میں طے شدہ میچز کے انعقاد پر اٹھائے گئے خدشات کے حل کے لیے کیے گئے ایک طویل اور جامع عمل کے بعد کیا گیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’تین ہفتوں سے زائد عرصے تک آئی سی سی نے بی سی بی کے ساتھ شفاف اور تعمیری مذاکرات کیے، جن میں ویڈیو کانفرنس اور بالمشافہ ملاقاتیں شامل تھیں۔‘
’اس عمل کے دوران آئی سی سی نے بی سی بی کی جانب سے پیش کیے گئے خدشات کا جائزہ لیا، اندرونی اور بیرونی ماہرین سے آزاد سیکیورٹی رپورٹس حاصل کیں اور وفاقی و صوبائی سطح پر انتظامات سمیت ایونٹ کے لیے سخت اور مرحلہ وار سیکیورٹی اقدامات پر مبنی تفصیلی منصوبے شیئر کیے۔ ان یقین دہانیوں کا اعادہ مختلف مراحل پر کیا گیا، جن میں آئی سی سی بزنس کارپوریشن (آئی بی سی) بورڈ کے اجلاس بھی شامل تھے۔‘

آئی سی سی کے مطابق ’سیکیورٹی جائزوں کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ انڈیا میں بنگلہ دیش کی قومی ٹیم، آفیشلز اور شائقین کو کسی بھی قسم کا قابلِ اعتبار یا تصدیق شدہ سیکیورٹی خطرہ لاحق نہیں ہے۔‘
’ان نتائج کی بنیاد پر اور وسیع تر اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے فیصلہ کیا کہ پہلے سے جاری کردہ ٹورنامنٹ شیڈول میں تبدیلی مناسب نہیں ہوگی۔‘
پریس ریلیز کے مطابق ’بدھ کے روز ہونے والے اجلاس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو 24 گھنٹوں کی مہلت دی گئی تھی کہ وہ اس بات کی تصدیق کرے کہ ٹیم شیڈول کے مطابق انڈیا میں کھیلے گی یا نہیں۔ مقررہ وقت کے اندر تصدیق موصول نہ ہونے پر آئی سی سی نے اپنے طے شدہ گورننس اور کوالیفکیشن طریقہ کار کے تحت متبادل ٹیم کے انتخاب کا عمل شروع کیا۔‘
سکاٹ لینڈ وہ سب سے اعلیٰ درجہ بندی رکھنے والی ٹی20 انٹرنیشنل ٹیم ہے جو ابتدائی طور پر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔ اس وقت سکاٹ لینڈ ٹی20 آئی رینکنگ میں 14ویں نمبر پر ہے جو نمیبیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، امریکا، کینیڈا، عمان اور اٹلی جیسی ٹیموں سے بہتر پوزیشن ہے۔
یاد رہے کہ سکیورٹی خدشات کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب تین جنوری کو بی سی سی آئی کی ہدایت پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 کے سکواڈ سے نکال دیا تھا۔












