Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہماری جد وجہد وطن عزیز سے کرپشن کے خاتمے کےلئے ہے ، اسد عمر

بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کا سرمایہ ہیں ، تارکین کوانکا حق دلوائیں گے ، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما کا یوم پاکستان کی تقریب میں ٹیلی فونک خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے ہماری جدوجہد وطن عزیز سے کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کےلئے ہے ۔ ہمارے آباءو اجداد نے پاکستان کرپٹ عناصر کےلئے حاصل نہیں کیا تھا۔ رب کریم نے ہمیں ہر قسم کی نعمتوں سے نواز ا ہے ضرورت صرف مخلص اور محب وطن قیادت کی ہے ۔ پی ٹی آئی ویسٹرن ریجن کی جانب سے منعقدہ یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو ووٹ کا حق دلوانے کےلئے روز اول سے کوشاں ہے ۔بیرون ملک مقیم پاکبان حقیقی معنوں میں وطن عزیز کا سرمایہ ہیں انکے بھیجے جانے والے زرمبادلہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوتی ہے ۔ تارکین وطن کو انکا جائز حق دلوائیں گے ۔تقریب میں پی ٹی آئی سعودی عرب کے رہنما ڈاکٹر راشد، فرخ رشید ، زائداعوان ، عزیز بھٹہ ، ریاض آفریدی ، احمد بشیر ، ملک سرفراز اعوان ، عجب خان اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنو ںنے شرکت کی ۔ احمد بشیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا یوم پاکستان ہمیں اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ ہمیں چاہئے کہ قیام پاکستان کے اصل مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر وطن کےلئے کام کریں ۔ عجب خان نے کہا کہ عمران کی کرپشن کے خلاف مہم کو ہم سراہتے ہیں کیونکہ یہ وہ ناسور ہے جس نے وطن عزیز کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے ۔ انجینیئر ندیم نے کہاملک کی تعمیر و ترقی کےلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہو گا تاکہ عمران خان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں ۔ ڈاکٹر راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال اور قائد اعظم پاکستان کو مکمل فلاحی ریاست دیکھنے کے خواہاں تھے جس میں عدل وانصاف انتہائی ارزاں اور ہر ایک کی پہنچ میں ہو کیونکہ نظام عدل کسی بھی معاشرے کے استحکام و ترقی کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن بدقسمتی سے آج ہم ان زریں اصولوں سے محروم ہیں اسی وجہ سے تمام تر نعمتوں کی فراوانی کے باجود ہم ان کے ثمرات سے محروم ہیں ۔ عمران خان نے جو سوچ دی ہے اسے دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ جلد ہی پاکستان اپنے قیام کے مقاصد سے قریب تر ہو گا۔ کشمیر کمیونٹی کے رہنما چوہدری خورشید متیال نے اپنے خطاب میں کہا کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ قائد اعظم نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیں اپنی شہ رگ دشمن کے قبضے سے آزاد کرانی ہے ۔ گلگت و بلتستان کو صوبہ بنانے سے کشمیر کی حیثیت کم ہو جائے گی ۔ گلگت میں آزاد کشمیر کی طرز کا سیٹاپ قائم کیا جائے تاکہ انتظامی امور میں بہتری لائی جاسکے ۔ 
 
 

شیئر: