ریاض میں فالکن نیلامی ختم، 64 لاکھ ریال کا کاروبار
’40 باز فروخت کئے گئے جن سے 35 مقامات کے 119 شکاری مستفید ہوئے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی فیلکنرز کلب کے تحت دار الحکومت ریاض میں منعقدہ ’سعودی فالکن نیلامی 2025‘ اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دو ماہ تک جاری رہی جو یکم اکتوبر سے 30 نومبر تک سالانہ شکار کے موسم کے ساتھ منسلک تھی۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’نیلامی کی مجموعی فروخت 64 لاکھ ریال سے تجاوز کر گئی ہے‘۔
انتظامیہ نے بتایا ہے کہ ’سعودی فالکن نیلامی 2025 میں مجموعی طور پر 40 باز فروخت کئے گئے جن سے 35 مقامات کے 119 شکاری مستفید ہوئے‘۔

’نیلامی کے لئے 26 راتوں کا اہتمام کیا گیا جو نیلام دہندگان کے درمیان سخت مقابلے اور اس ورثے کے شائقین کے لئے انتہائی پُرجوش ماحول سے بھرپور رہیں‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’سب سے مہنگا باز 6 لاکھ 61 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا ہے جسے جازان کے حصاحيص علاقے میں پکڑا گیا تھا‘۔
’دوسرے نمبر پر 3 لاکھ 60 ہزار ریال میں شمالی حدود کے مقام ’ام خنصر‘ کا شاہین فروخت ہوا ہے‘۔
’پھر شرورہ کے مقام سے پکڑا گیا شاہین 3 لاکھ 51 ہزار ریال میں فروخت ہوا، چوتھے نمبر شاہین 3 لاکھ 8 ہزار ریال میں جبکہ پانچویں نمبر پر الحنو کا شکار ہونے والا شاہین 3 لاکھ ایک ہزار ریال میں فروخت ہوا ہے‘۔
سعودی فیلکنرز کلب کے ترجمان ولید الطویل نے کہا ہے کہ ’اس سال نیلامی کی مدت گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ رہی‘۔