Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک کی مشترکہ فوجی مشقیں، امارات کی سکیورٹی فورسز سعوی عرب میں

رواں مہینے ’عرب گلف سکیورٹی تھری‘ کی مشقیں مشرقی صوبے دمام میں منعقد ہوں گی۔ (ایس پی اے)
متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی فورسز خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی فورسز کے اہلکار بدھ کو سعودی عرب پہنچے۔
سکیورٹی فورسز خلیج تعاون کونسل کی رکن ریاستوں کی سکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کی مشقوں میں حصہ لیں گی۔
سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ رواں مہینے ’عرب گلف سکیورٹی تھری‘ کی مشقیں مشرقی صوبے دمام میں منعقد ہوں گی۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول کمیٹی کے رکن بریگیڈیئر جنرل سالم بن عبداللہ الحبسی نے کہا ہے کہ ’شرکا مشقوں کے لیے تیار ہیں، ان مشقوں کا مقصد فیلڈ میں تعاون اور بحران اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔‘
سعودی وزارت داخلہ نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ مشقوں کی میزبانی کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ 2020 میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے داخلہ کے 37 ویں اجلاس کے موقعے پر کیے گئے ایک فیصلے کے تحت ان مشقوں کا انتظام کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’ان مشقوں کا مقصد خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط کرنا، ہم آہنگی، تعاون کے سطح کو بڑھانا، بحران اور ہنگامی حالات کا مقابلہ کرنے کی تیاری اور عرب خلیج خطے کو درپیش خطرات سے نمٹنا ہے۔‘

شیئر: