Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مری میں سیاحوں کی ہلاکتیں، عثمان مرزا کیس سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں

مری میں سیاحوں کی ہلاکتوں کے بعد حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان میں گزشتہ ہفتے سیاحتی مقام مری میں برفباری کے دوران پھنس جانے والے 22 افراد کی گاڑیوں میں ہلاکت سب سے بڑی خبر رہی جس نے ملک بھر میں شہریوں کو صدمے، غم اور غصے کی کیفیت سے دوچار کیا۔
شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے اس واقعے کو انتظامی نااہلی قرار دیا۔ پنجاب حکومت نے ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جو سات دن میں رپورٹ جمع کرائے گی۔
دوسری بڑی خبر کالعدم تحریک طالبان کے مفتی خالد بلتی یا خالد خراسانی کی ہلاکت تھی۔ پاکستان کے عسکری ذرائع نے شدت پسند تنظیم کے ترجمان کی افغانستان میں ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا جس کے دو دن بعد ٹی ٹی پی نے بھی موت کی تصدیق کی۔
پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ کی اجازت دینے کے فیصلے کو بھی اہم خبر کے طور پر دیکھا گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو گھر میں قرنطینہ کی اجازت دیتے ہوئے محکمہ صحت کے قائم کردہ سینٹرز اور ہوٹلز میں قرنطینہ کرنے کی شرط ختم کردی ہے۔ 
اس حوالے سے بدھ کو این سی او سی کے اجلاس میں فیصلے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹی فیکیشن جاری کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے گزشتہ ہفتے کے دوران تجاوزات کے خلاف فیصلے بھی بڑی خبروں میں شامل رہے جن میں عدالت نے راول ڈیم کے کنارے نیوی سیلنگ کلب اور فیصل مسجد کے قریب نیوی گالف کورس کو ختم کرنے کا احکامات جاری کیے۔
اسی طرح عدالت نے مارگلہ کی پہاڑیوں میں قائم مونال ریستوران کی عمارت کو سیل کر کے قبضہ وفاقی ترقیاتی ادارے کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ سنایا۔
کئی شعبوں میں ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کے لیے ضمنی فنانس بل (منی بجٹ) کی اپوزیشن کے شور شرابے اور احتجاج کے دوران قومی اسمبلی سے منظوری بھی گزشتہ ہفتے کی بڑی خبر رہی۔

لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حافظ سعید کے گھر کے باہر دھماکہ کرنے والے ملزمان کو سزا سنائی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد میں ہراسیت اور ویڈیو سکینڈل کیس میں متاثرہ لڑکی اور لڑکے کی جانب سے ملزم عثمان مرزا اور اس کے ساتھیوں کو عدالت میں پہچاننے سے انکار اور حکومت کی طرف سے کیس کی پیروی جاری رکھنے کے بیان نے بھی اہم خبروں میں جگہ بنائی۔
گزشتہ ہفتے لاہور کی ایک انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی رہائش گاہ کے باہر دھماکے کے مجرمان کو سزائے موت سنائی۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان پیٹر پال، عید گل خان، ضیا اللہ اور سجاد کو نو نو بار سزائے موت دینے کا حکم جاری کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس لاہور میں جوہر ٹاؤن کے علاقے میں حافظ سعید کی رہائش گاہ کے باہر بم دھماکہ ہوا تھا، جس میں تین افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

شیئر: