Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب بچے ویکسین لگوائے بغیر سکول نہیں جا سکیں گے: مراد راس

مراد راس کا کہنا تھا کہ ’اساتذہ کی سو فیصد تک ویکسی نیشن ہو چکی ہے‘ (فوٹو: پنجاب حکومت)
صوبہ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ اب سکولوں میں بچے ویکسین لگوائے بغیر نہیں جا سکیں گے جبکہ سکولوں کی بندش کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
پیر کو این سی او سی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ سکولوں میں 85 فیصد سے زائد طلبا و طالبات کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے جبکہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی سو فیصد تک ویکسینیشن ہو چکی ہے۔
انہوں نے کورونا کے حالیہ کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سماجی میل ملاپ سے ایسا ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق زیادہ لوگ یہی بتاتے ہیں کہ شادی کی یا دوسری سماجی تقریبات میں شرکت کی وجہ سے انہیں کورونا ہوا۔
مراد راس نے یہ بھی بتایا کہ 12 سال سے کم عمر کے بچے جن کی ویکسینیشن نہیں ہوئی، ان کے لیے یہ تجویز زیر غور ہے کہ ایک روز آدھی تعداد سکول بلائی جائے اور آدھی اگلے روز۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سکول جاتے ہوئے بچوں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہے۔
سرد موسم کے باعث مزید چھٹیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہو گا۔
بقول ان کے ’اگر جنوری کے آخر میں بھی اتنی ہی ٹھنڈ ہوئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ سکول دوباہ بند کر دیں۔ کیلنڈر کو بار بار تبدیل کرنا درست نہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بہتر انداز میں کورونا کے معاملے کو سنبھالا، اب تک ڈھائی سو ارب روپے کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مراد راس نے بتایا کہ اس نے تو آنا ہی آنا تھا۔
’کون سال ملک ہے جہاں اومی کرون نہیں، ملک کو لاک کر کے نہیں بیٹھ سکتے۔‘
مراد راس نے ویکسینیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاملات صرف اسی سے ٹھیک ہوں گے۔

شیئر: