’حوثی دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں‘
جمعرات 20 جنوری 2022 23:33
حوثی عالمی امن و سلامتی پر اثر انداز ہورہے ہیں- (فوٹو عاجل)
سعودی عرب نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں-
حوثی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کے سائبان تلے یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی کی تمام امن کوششوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں-
سلامتی کونسل قرارداد نمبر 2216 جاری کرکے جامع سیاسی حل کا فارمولا دیے ہوئے ہے جبکہ خلیجی تعاون کونسل فارمولا اور یمنی قومی مکالمہ کانفرنس کی قراردادیں بھی سیاسی حل پیش کیے ہوئے ہیں- حوثی ان میں سے کسی کے بھی مطابق سیاسی حل پر راضی نہیں ہیں-
ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی مندوب نے سلامتی کونسل کے سامنے سعودی موقف پیش کیا- سلامتی کونسل نے مسئلہ فلسطین سمیت مشرق وسطی کی صورتحال کی دفعہ کے تحت مباحثے کا اہتمام کیا تھا-
مملکت کی نمائندگی اقوام متحدہ میں سعودی سفارتی مشن کے نائب مندوب مشیر محمد بن عبدالعزیز العتیق نے کی-
سعودی مندوب نے مزید کہا حوثیوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کے فقدان نے انہیں یمنی عوام کو نقصان پہنچانے اور خطے کے امن و استحکام سے کھیلنے کا بڑا موقع دیا جس کی وجہ سے یہ لوگ عالمی امن پر اثر انداز ہورہے ہیں-
العتیق نے توجہ دلائی کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گرد ہر روز یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ انہیں یمن کے امن و استحکام سے کوئی دلچسپی نہیں- وہ عالمی امن و سلامتی اور خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے والے اقدامات بلا انقطاع کررہے ہیں-
سعودی نمائندے نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ مملکت امن و استحکام کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر امارات کے ساتھ ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں