Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کے ادارے رپورٹ ترتیب دینے سے قبل تصدیق کریں، سعودی عرب

ریاض.... سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مختلف رپورٹس ترتیب دیتے وقت سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرکے تصدیق ضرورکریں۔ اقوام متحدہ کے تحت کام کرنے والے اطلاعاتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی رپورٹیں جاری نہ کریں جو نفرت پھیلانے والی اور اشتعال انگیز ہوں نیز ایسے اطلاعاتی اداروں کے خلاف بھی کارروائی کریں جو بے بنیاد معلومات پر مشتمل رپورٹیں شائع کرکے انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔سعودی عرب نے یہ بات اقوام متحدہ کے نجی پالیسی ، میڈیا اور استعمار کے انسداد کے لئے قائم کی جانے والی کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔ سعودی عرب کے نمائندے اور وزارت خارجہ میں نائب سکریٹری یاسر الضبعان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اقوام متحدہ اور اس کے ماتحت تمام اداروں سمیت اطلاعاتی اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہے جو دنیا میں امن و استحکام کے لئے انتھک کوششیں کر ر ہے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کے وژن2030کے تحت جدید میڈیا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب جدید مواصلاتی نظام سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے نظریات کی ترویج کر رہا ہے۔ ہمیں اپنی تہذیب دوسروں تک منتقل کرنے اور دوسروں کے نکتہ نظر سمجھنے میں آسانی ہورہی ہے۔ جدید وسائل اطلاعات کے استعمال سے تمام سرکاری ادارے بہتر انداز میں خدمات پیش کر رہے ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ نے جدید وسائل اطلاعات کا کام آسان بنانے کے لئے 18زبانوں میں نشر واشاعت کا اہتمام کر رکھا ہے۔سعودی عرب وسائل اطلاعات کے ذریعہ اسلام کے اعتدال پسند نظریات کو پھیلارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کو چاہئے کہ فلسطینی عوام کے حقوق سلب کرنے والوں کے خلاف متحد ہو اور مظلوم فلسطینی عوام کا حق واپس کروانے میں کردار ادا کرے۔دوسری طرف سعودی عرب نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلح نزاعات کے باعث عالمی معاہدوں کو توڑنا یا عملدرآمد معلق رکھنا قابل مذمت ہے۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ مسلح نزاعات یا سیاسی تنازعات کے باوجود عالمی معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے۔اقوام متحدہ کا چارٹر تمام ممالک کے لئے دستور کا درجہ رکھتا ہے۔ اس دستورکی پاسداری تمام ممالک کے لئے ضروری ہے۔

شیئر: