جازان ریفائنری پر حملے کے بعد عرب اتحاد نے حوثیوں کی میزائل سائٹ کو نشانہ بنایا
جمعرات 26 نومبر 2026 19:53
بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ریفائنری پر حوثی ملیشیا نے حملہ کیا تھا۔( فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد نے جمعرات کو حوثیوں کے بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم کو تباہ کردیا جسے جازان ریفائنری پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق اتحاد نے بتایا یمن کی الحدیدہ بندرگاہ میں واقع اس مقام کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے مملکت میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ریفائنری پر حوثی ملیشیا نے حملہ کیا تھا۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا جو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف برسرپیکار ہے الحدیدہ بندرگاہ پر قابض ہے۔
اس سے قبل ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ جمعرات کو حوثی ملیشیا نے جازان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔
اتحاد کے مطابق حوثیوں نے بدھ کو جازان کی بندرگاہ ہر بھی حملہ کیا، جس سے معمولی نقصان ہوا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسی روز حوثی ملیشیا نے جدہ بندرگاہ اور سعودی عرب کے مغربی ریجن کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق منگل کو ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ٹاور پر حوثیوں کے حملے میں گیارہ افراد زخمی ہوئے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ اس گروہ نے سعودی شہروں اور اہم تنصیبات، بشمول ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
