Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امریکی شہری روس کے سفر سے گریز کریں‘، یوکرین چھوڑنے کی ہدایت

روس نے یوکرین کی سرحد پر ہزاروں کی تعداد میں فوجی جمع کیے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
امریکی محکمہ خارجہ نے شہریوں کے لیے سفری کی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے یوکرین سے بڑھتی کشیدگی کے باعث شہریوں کو روس کے سفر سے خبردار کیا ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو جاری کیے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یوکرین کے ساتھ حالیہ بڑھتی کشیدگی کے سبب شہری روس کا سفر نہ کریں‘، کیونکہ وہاں ان کو ’ہراساں‘ کیا جا سکتا ہے اور ایسی صورت میں سفارت خانے کی جانب سے ’امریکی شہریوں کو تعاون فراہم کرنے کی صلاحیت محدود‘ ہوگی۔
ادھر امریکہ نے یوکرین میں مقیم سفارتی عملے کے اہلخانہ کو بھی ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ خارجہ نے اتوار کو بتایا کہ روس سے لاحق ’مسلسل خطرے کے باعث‘ امریکی سفارت کاروں کے اہلخانہ کو یوکرین کے دارالحکومت سے واپس آنے کا حکم دیا گیا ہے۔
واشنگٹن نے سفارتخانے کے دیگر سٹاف سے بھی ’رضاکارانہ‘ واپسی اور امریکی شہریوں کو ’یوکرین چھوڑنے کا سوچنے‘ کے لیے کہا ہے۔
حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ روس کے حملے کی صورت میں وہ اس پوزیشن میں نہیں ہوں گے کہ ان کا انخلا کرا سکیں۔
دوسری جانب برطانیہ نے بھی یوکرین سے کچھ سفارتی عملے اور ان کے اہلخانہ کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لندن میں وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سفارتخانہ 'ضروری کاموں' کے لیے کھلا رہے گا۔
روس گذشتہ کچھ عرصے سے یوکرین کی سرحد پر ہزاروں فوجیوں کو جمع کر رہا ہے جو ٹینکوں، جنگی گاڑیوں، توپخانے اور میزائلوں سے لیس ہیں۔
اس دوران امریکہ اور یورپ کی جانب سے روس کو سخت نتائج سے خبردار کیا گیا ہے جبکہ سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں جن کے تاحال معمولی نتائج نکلے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے سینیئر عہدیدار نے رپورٹرز کو بتایا کہ یوکرین کے دارالحکومت میں سفارتخانہ کھلا رہے گا اور ناظم الامور کرسٹینا کیون وہاں فی الوقت وہاں موجود ہیں۔ 
عہدیدار نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری انتباہ کو دہرایا کہ روس کا یوکرین پر حملہ 'کسی وقت بھی' ہو سکتا ہے۔

امریکہ اور یورپی ملکوں نے روس کو یوکرین پر حملے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز

ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن 'ایسی صورت میں اپنے شہریوں کے فوری انخلا کی پوزیشن میں نہیں ہوگا' اس لیے امریکی شہری کمرشل اور پرائیویٹ ٹرانسپوٹ کے ذریعے جس قدر جلدی ممکن ہو یوکرین چھوڑ دیں۔
عہدیدار نے یوکرین میں موجود امریکی شہریوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا تاہم محکمہ خارجہ کے ایک نمائندے نے گذشتہ ماہ بتایا تھا کہ مشرقی یورپ کے ملک میں دس سے 15 ہزار امریکی شہری مقیم ہیں۔

شیئر: