Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی شہریوں پر حملے فوری بند کریں، امریکہ اور عالمی برادری کا ردعمل

حوثی حملے کرکے بین الاقوامی برادری کو کھلا چیلنج دے رہے ہیں( فوٹو العربیہ)
امریکہ ، مسلم دنیا اور عرب ممالک نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سول تنصیبات پر حوثی دہشت گردوں کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور العربیہ نیٹ کے مطابق خلیجی تعاون کونسل ( جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل نایف الحجرف نے امارات میں سول تنصیبات اور شہریوں پر حوثیوں کے میزائل حملوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
نایف الحجرف نے کہا کہ’ حوثی مسلسل حملے کرکے بین الاقوامی برادری کو کھلا چیلنج دے رہے ہیں۔ عالمی قوانین و روایات کا مذاق اڑا رہے ہیں اور یمن میں قیام امن کی تمام کوششوں کو تہ و بالا کر رہے ہیں‘۔ 
انہوں نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ’ سول تنصیبات اور اہم اداروں پر حملے رکوانے کے لیے حوثیوں کے خلاف فیصلہ کن موقف اختیار کیا جائے‘۔ 
مصری دفتر خارجہ نے حوثیوں کے حملوں کو بزدلانہ قرار دیا اور کہا کہ’ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں اسے امارات اورسعودی عرب کے امن و استحکام، ان کے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی پر حملہ قرار دیا گیا۔ 
دفتر خارجہ نے ’مملکت اور امارات سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ’ دونوں ملک بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے اور اپنے امن و استحکام کے  تحفظ کے لیے جو اقدامات کریں گے مصر ان کے ساتھ ہوگا‘۔ 
ترک دفتر خارجہ نے بیان میں حوثیوں کے حملے فورا بند کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ 
کویتی دفتر خارجہ نے کہا کہ ’حوثیوں کے یہ حملے عالمی برادری کے لیے کھلا چیلنج ہیں۔ عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جارحانہ سرگرمیوں کو روکنے اورعالمی امن و سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرے‘۔ 
بحرینی دفتر خارجہ نے مذمتی بیان میں کہا کہ’ عالمی برادری حوثیوں کو لگام لگانے کے  لیے ٹھوس اقدامات کرے‘۔

او آئی سی نے حوثیوں کے حملوں کو دہشت گردانہ قرار دیا ہے( فوٹو العربیہ)

اردنی دفتر خارجہ کے ترجمان ھیثم ابو الفول نے کہاکہ’ اردن اس دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں‘۔
عرب وزرائے داخلہ کونسل نے بیان میں کہا کہ’ ان حملوں کی اطلاعات سے شدید دکھ ہوا ہے۔‘ 
عرب وزرائے داخلہ کا کہنا تھا کہ ’حوثی عرب دنیا کے امن و استحکام کو تہ و بالا کرنے کے درپے نظر آرہے ہیں‘۔ 
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مملکت اور امارات کی سول تنصیبات اور اداروں پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل اور ڈرونز حملوں کو دہشت گردانہ قرار دیا۔ سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے کہا کہ ’حوثیوں کی یہ جارحانہ سرگرمیاں مجرمانہ ہیں اور بین الاقوامی قوانین و روایات کی خلاف ورزی ہیں‘۔
’او آئی سی امن و استحکام کے تحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے تمام اقدامات پر سعودی عرب اور امارات کے ساتھ ہے‘۔ 
ریاض میں امریکی سفارتی مشن نے جازان پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق امریکی سفارتی مشن نے بیان میں حوثیوں سے کہا کہ ’شہریوں پر حملے فورا بند کریں اور یمنی بحران کے سیاسی حل کے لیے اقوام متحدہ کے سفارتی مشن میں شامل ہوجائیں‘۔

شیئر: