مختلف قسم کے پلاسٹک اور ربڑ مصنوعات کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا۔ فوٹو ای بلیو اکانومی
سعودی عرب میں اعداد و شمار کی جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت سے ایکسپورٹ کئے جانے والے کیمیائی سامان کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی تیل کے علاوہ دیگر برآمدات نومبر میں 26.1 فیصد کی سالانہ شرح تک پہنچ گئی ہیں۔
کیمیکلز یا اس سے منسلک صنعتوں کی برآمدات میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 70.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیاہے جو کہ تیل کے علاوہ دیگر تجارتی سامان کی برآمدات کا 34 فیصد ہے۔
یہاں تیار کئے جانے والے مختلف قسم کے پلاسٹک اور ربڑ مصنوعات کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا جس کی سالانہ شرح 38.4 فیصد بڑھی ہے۔
مملکت میں اعداد و شمار کی جنرل اتھارٹی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ تیل کے علاوہ دیگر برآمدات اور درآمدات کا تناسب نومبر میں بڑھ کر 52.6 فیصد ہوا جو کہ اس سے ایک ماہ قبل 42.3 فیصد تھا۔
اس دوران غیر تیل کی فروخت میں اضافے کے مقابلے میں درآمدات میں صرف 1.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔
مزید برآں سعودی عرب سے تیل کی برآمدات میں 112.8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور نومبر میں کل برآمدات میں اس کا حصہ بڑھ کر 75.8 فیصد ہو گیا جو کہ گذشتہ سال کے اسی مہینے میں 65 فیصد تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ مجموعی طور پر تجارتی سامان کی برآمدات ایک سال پہلے کے مقابلے میں 82.5 فیصد بڑھ گئی ہیں۔
اعداد و شمار میں واضح کیا گیا ہے کہ چین سعودی عرب کا اہم تجارتی پارٹنر رہا جس کی کل برآمدات کا 17.2 فیصد اور درآمدات کا 20.6 فیصد رہا۔
ہندوستان اور جاپان سعودی سامان اور خدمات کے دوسرے بڑے وصول کنندگان تھے ۔ ان دونوں ممالک کے لیے برآمدات بالترتیب 11.6 فیصد اور 9.6 فیصد رہیں۔
اسی ترتیب سے جنوبی کوریا، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور مصر بھی برآمد کرنے والے ابتدائی دس ممالک میں شامل تھے۔
اس کے علاوہ امریکہ اور متحدہ عرب امارات نے سعودی عرب کو اپنی درآمدات کا بالترتیب 11.4 فیصد اور6 فیصد فراہم کیا۔
جنرل اتھارٹی برائے اعداد وشمار نے بتایا ہے کہ نومبر کے مہینے میں کل درآمدات کا 25.9 فیصد سامان جدہ کی اسلامی بندرگاہ کے راستے مملکت میں داخل ہوا۔
اس کے بعد کنگ عبدالعزیز پورٹ، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور بطحہ بارڈر کا نمبر آتا ہے۔